
انٹرنیٹ کے صارفین اکثر پیغامات بھیجتے اور موصول کرتے وقت میسنجر کی ''بیپ'' یا موسیقی کی خوشگوار آواز سنتے ہیں جس کے ذریعے انہیں میسج کی وصولی کا پتہ چلتا ہے۔ لیکن لندن کی ایک کمپنی ''منٹ ڈیجیٹل'' کا خیال ہے کہ خوشبو اس سلسلے میں بہتر کردار ادا کر سکتی ہے۔ منٹ ڈیجیٹل نے ایسی ڈیوائس تیار کی ہے جو خوشبو کے ذریعے صارف کو پیغامات کی وصولی کے بارے میں مطلع کرے گی۔ ''اولی''نامی یہ ڈیوائس یو ایس بی کے ذریعے کمپیوٹر کے ساتھ منسلک کی جا سکتی ہے۔ کمپیوٹر صارف اسکے پیچھے بنے ہوئے خانے میں اپنی پسندیدہ خوشبو ڈال دیتا ہے اور جب کمپیوٹر پر پیغام موصول ہوتا ہے تو یہ ڈیوائس وہ خوشبو کمرے پھیلا دیتی ہے۔ کمپیوٹر صارف اس ڈیوائس کو اپنی مرضی سے بھی سیٹ کر سکتا ہے کہ کس ویب سائٹ یا مسینجر کے پیغامات پر خوشبو پھیلنی چاہئے۔ صارف ایک وقت میں صرف ایک خوشبو استعمال کر سکتا ہے لیکن یو ایس بی ہب کے ذریعے زیادہ ڈیوائسز منسلک کر کے مختلف قسم کی خوشبوئیں بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اولی بنانے والی کمپنی نے اسے ابھی بڑی تعداد میں مارکیٹ میں متعارف نہیں کروایا ہے۔ منٹ ڈیجیٹل کے مطابق صارفین کمپنی کی ویب سائٹ پر اسے بنانے کا طریقہ کار دیکھ کر خود بھی بنا سکتے ہیں۔
سماجی رابطہ