5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پاکستان اسٹیل مل سے لوہے کی خریداری میں گھپلا،4 صنعت کار گرفتار
جنگ نیوز -
پاکستان اسٹیل مل سے لوہے کی خریداری میں گھپلا،4 صنعت کار گرفتار
کراچی…ایف آئی اے کرائم سرکل نے پاکستان اسٹیل مل سے لوہے کی خریداری میں خوردبرد کے الزام میں4 صنعتکاروں کو گرفتار کرلیا ہے۔وفاقی وزارت داخلہ کی خصوصی ہدایت پر کراچی میں ایف آئی اے حکام نے پاکستان اسٹیل مل کے کنزیومر ڈیلرز اور ٹریڈر ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر4 صنعتکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار شدگان میں دیوان اسٹیل لمیٹڈ کے ابو عبید فاروقی اور ریحان فاروقی ، الرحمن اسٹیل کے محمد رفیق لاثانی اور جیوانی ٹریڈرز کے احمد حسن جیوانی شامل ہیں۔ ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر اکبر بلوچ کے مطابق ملزمان کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت دو نئے مقدمات درج کیے گئے ہیں جس میں پاکستان اسٹیل مل کے اعلیٰ حکام بھی نامزد ہیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان نے معین آفتاب شیخ کے دور میں پاکستان اسٹیل مل سے سستے داموں لوہا خرید کر اسے اپنی فیکٹریز میں استعمال کرنے کی بجائے مہنگے داموں اوپن مارکیٹ میں فروخت کیا جس سے اسٹیل مل کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔