28 اگست 2011
وقت اشاعت: 14:53
ذوالفقار مرزا کا لیاری آپریشن پر شدیداحتجاج، مستعفی ہونے کاامکان
جنگ نیوز -
کراچی…پیپلزپارٹی کے سینئر صوبائی وزیر ذوالفقار مرزا نے لیاری میں آپریشن پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور امکان ہے کہ وہ اس پر احتجاج کرتے ہوئے مستعفی ہوجائیں۔ذوالفقار مرزا کے علاوہ پیپلزپارٹی ضلع جنوبی کے صدر ظفر بلوچ سمیت ضلع کے تمام عہدیدارن نے لیاری میں سرچ آپریشن کے خلاف احتجاجاً استعفیٰ دے چکے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ لیاری میں آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا ہے۔ذوالفقار مرزا اس وقت کراچی سے باہر ہیں اور امکان ہے کہ تین بجے تک لیاری کے مستعفی عہدیداران کے ہمراہ پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ذوالفقار مرزا کی بات نہ مانی گئی تووہ پی پی سمیت وزارت سے مستعفی ہونے کا اعلان بھی کرسکتے ہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایوان صدر سمیت ذوالفقار مرزا کے قریبی دوستوں نے انہیں مستعفی ہونے سے روکنے کیلئے کوششیں شروع کردیں ہیں۔