پیارے بچو! جب کوئی عمارت بنائی جاتی ہے تو اس کے لیے بہت سی چیزوں کی ضرورت پیش آتی ہے۔ مثلاً مٹی، اینٹیں، پتھر، لکڑی، لوہا، سیمنٹ وغیرہ وغیرہ۔ کیا ان چیزوں کے بغیر کوئی عمارت تعمیر ہوسکتی ہے......؟ ظاہر ہے آپ کا جواب یہی ہوگا کہ "نہیں" جس طرح کوئی عمارت اندر اور باہر سے بہت سی چیزوں کے ساتھ مل کر بنتی ہے، بالکل اسی طرح ہمارا جسم بھی بہت سی چیزوں سے مل کر بنا ہے۔ کیا آپ بتاسکتے ہیں کہ آپ کس سے بنے ہوئے ہیں، یعنی قدرت نے آپ کا جسم کن چیزوں کے سہارے تعمیر کیا ہے؟ چلیں ہم بتاتے ہیں۔ آپ کا جسم ہڈیوں، پٹھوں اور کھال سے بنا ہوا ہے، جبکہ اس کے اندر بہت سے اعضا(Organs) بھی ہیں جو جسم کی کارگردگی اور زندگی کے لیے نہایت اہم کام انجام دیتے ہیں۔ آپ کے جسم میں موجود ہڈیوں کی مثال اور اہمیت ایسی ہی ہے جیسی کسی عمارت میں ستونوں(pillars) کی ہوتی ہے۔ جس طرح کوئی عمارت ستونوں اور دیواروں کے بغیر کھڑی نہیں کی جاسکتی، اسی طرح آپ بھی ہڈیوں کے بغیر سیدھے کھڑے نہیں ہوسکتے۔ ہڈیوں کے بغیر آپ کا جسم گوشت کے ایک لوتھڑے کی طرح ہوجائے گا۔
آپ کے جسم میں ھڈیاں کیوں ہیں؟
بچو! ہڈیوں کے دو اہم مقاصد ہیں، ایک یہ کہ آپ کے جسم کو مخصوص شکل اور ڈھانچہ(structure) فراہم کرنا، اور دوسرا یہ کہ جسم کے اندورنی اعضاء کو تحفظ دینا۔ پیدائش کے وقت آپ کے جسم میں 300 سے زائد ہڈیاں ہوتی ہیں۔ لیکن جب آپ پوری طرح بڑے، بالغ ہوجاتے ہیں تو ان ہڈیوں کی تعداد کم ہوکر صرف 206 رہ جاتی ہے۔ آپ یقیناً سوچ رہے ہوں گے کہ بھئی یہ اضافی ہڈیاں کہا چلی جاتی ہیں ؟ پریشان نہ ہوں، ہم بتارہے ہیں۔ بچو! ہوتا یوں ہے کہ یہ ہڈیاں دیگر ہڈیوں میں ضم ہوجاتی ہیں، یعنی دوسری ہذیوں کے ساتھ چپک جاتی ہیں، اور جہاں پہلے ایک ہڈی ہوا کرتی تھی وہاں دو ہڈیاں ہوجاتی ہیں۔
کہاں، کتنی ہڈھاں ہیں؟
آپ کے جسم کے مختلف حصوں میں ہڈیوں کی تعداد بھی مختلف ہوتی ہے۔ کہیں یہ زیادہ ہوتی ہیں اورکہیں کم۔ آپ کے ہر ہاتھ میں 27 ہڈیاں ہوتی ہیں، ہر پاؤں میں 26 ہڈیاں ہوتی ہیں۔ جبکہ آپ کے چہرے میں ہڈیوں کی تعداد 14 ہے، آپ کے جسم میں موجود سب سے لمبی ہڈی ران میں ہوتی ہے، جسے انگریزی میں thighbone کہا جاتا ہے۔ اس ہڈی کی لمبائی آپ کی مجموعی اونچائی(Height) کا ایک چوتھائی حصہ ہوتی ہے۔ جب تک آپ کا قد بڑھتا رہتا ہے، تب تک یہ ہڈی بھی بڑھتی رہتی ہے۔
آپ کو پتہ ہے ؟
زرافہ کی گردن میں بھی اتنی ہی ہڈیاں ہوتی ہیں جتنی کہ انسان کی گردن میں، یعنی سات لیکن انسانی گردن کی ہڈیوں کے برعکس زرافہ کی گردن کی ہڈیاں دس انچ(25٫4 سینٹی میٹر) تک لمبی ہوسکتی ہیں۔
آپ کی کھال، جسم کی ڈھال
آپ کی کھال آپ کے اندرونی اعضا کو بچانے اور پانی و جراثیم کو جسم سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک ڈھال کے طور پر کام کرتی ہے۔ آپ اپنی کھال کے بارے میں اور کیا جانتے ہیں؟
ایک اوسط جسامت والے بالغ انسان کے جسم پر موجود کھال کا سائز 20اسکوائر فٹ(1٫9 اسکوائر میٹر) تک ہوتا ہے۔
آپ کی کھال کا رنگ جسم میں پائے جانے والے ایک رنگ دار مادے"melanin" کی وجہ سے بنتا ہے۔
آپ کی کھال تین تہوں(layers) پر مشتمل ہوتی ہے جنہیں انگریزی میں epidemis, dermis اور hypodermis کہتے ہیں۔
epidermis سب سے اوپر والی تہہ ہوتی ہے جو مسلسل چھلکے کی طرح اترتی رہتی ہے اور اس کی جگہ نئی تہہ آجاتی ہے۔ dermis درمیانی تہہ ہوتی ہے جس میں خون کی وریدیں، پسینے کے غدود اور بالوں کی جڑیں ہوتی ہیں۔
hypodermis کھال کی سب سے نچلی اور آخری تہہ ہوتی ہے جس میں چربی محفوظ ہوتی ہے۔ یہ چربی آپ کے جسم کو گرم رکھتی ہے۔
آپ جانتے ہیں.......؟
انسان کے جسم پر سب سے باریک کھال آنکھ کے پیوٹوں پر پائی جاتی ہے، جبکہ سب سے موٹی کھال ہتھیلیوں اور پاؤں کے تلوؤں کی ہوتی ہے۔
آپ کا جسم کس چیز سے بنا ہے ؟
Posted on Mar 25, 2011
سماجی رابطہ