15 فروری 2011
وقت اشاعت: 5:28
نائیجر
نائیجر
صحراؤں، پہاڑی سلسلوں اور جنگلی جانوروں کی سرزمین، جمہوریہ نائیجریا مغربی افریقہ کے وسط میں واقع ہے۔ اس کی سرحدیں مشرق میں جمہوریہ چاڈ، مغرب میں مالی اور اپروولٹا، شمال میں لیبیا اور الجزائر اور جنوب میں نائیجیریا کو چھوتی ہیں۔ 4 لاکھ 89 ہزار 62 مربع میل پر پھیلی ہوئی اس ریاست کا دارالحکومت نیامی ہے۔ اس کے شہروں میں زنڈر، مارادی، تھاوا رسانگھائی حرما، ہاؤسا اور اگاویز سرفہرست ہیں ۔ انتظامی سہولت کی خاطر ملک کو 7 انتظامی اکائیوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ فرانک یہاں کی کرنسی ہے۔
نائیجر کی آب وہوا گرم خشک ہے۔ لوگ بھیٹر بکریاں اور اونٹ شوق سے پالتے ہیں۔ اس کے جنگلوں میں ہاتھی، شتر مرغ اور زرافے کثرت سے پائے جاتے ہیں ۔ یہاں تقریباً 98 فیصد مسلمان ہیں۔ فرانسیسی یہاں کی سرکاری زبان ہے جبکہ باؤسا اور دیگر مقامی زبانیں بھی بولی جاتی ہیں۔ کپاس، کساو، مکئی، باجرہ اور مٹر یہاں کی مشہور فصلیں ہیں۔ دنیا کے یورنیم کے ذخائر کا پانچواں حصہ یہاں پایا جاتا ہے۔ دیگر معدنیات میں جپسم، فاسفیٹ اور لوہا قابل ذکر ہیں۔ نائیجر مویشی ، مٹر اور یورنیم برآمد کرتا ہے جب کہ اس کی درآمدات میں تیل کی مصنوعات، گاڑیاں، مشینری، کپڑا، دالیں اور چینی سرفہرست ہیں۔ تجارتی ساتھیوں میں فرانس، امریکہ، مغربی جرمنی، نائیجیریا، پاکستان اور بنن شامل ہیں۔ اٹھارویں صدی عیسوی میں یورپی اقوام یہاں پہنچیں۔ 1900ء سے 1966ء تک فرانس کے زیر تسلط رہا۔ 3 اگست 1960ء کو آزاد ہوا۔ 20 ستمبر 1960ء کو اقوام متحدہ کا رکن بنا جبکہ اسلامی سربراہ کانفرنس کا باقاعدہ رکن بھی ہے۔