موبائل فون بنانے والی کمپنی نوکیا نے 'فیبلٹس' کے ساتھ ساتھ اپنے پہلے ٹیبلٹ کمپیوٹر کی رونمائی کی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نوکیا کا کہنا ہے کہ وہ ابو ظہبی میں اپنے ہارڈ ویئر یونٹ کی فروخت مکمل کرنے سے پہلے کمپنی کے آخری بڑے واقعے کو یادگار بنانا چاہتی ہے۔ انسلٹینسی سی سی ایس انسائیٹ کے مارٹن گارنر کا کہنا ہے کہ گذشتہ دو سالوں کے دوران مائیکروسافٹ اور نوکیا کی کوششیں متصادم تھیں، تاہم اب ان کی جانب سے کی جانے والی مشترکہ کوشش کے بہتر نتائج آنے کی توقع ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مائیکروسافٹ نوکیا کے مقابلے میں مارکیٹنگ ڈیوائیسز پر زیادہ رقم خرچ کر سکتی ہے، اور یہ بات اہم ہے کیونکہ سام سنگ اور اپیل بھی مارکیٹنگ پر زیادہ رقم خرچ کرتی ہیں۔ مارکیٹ ریسرچ کمپنی گارٹنر کے مطابق اگرچہ مائیکرو سافٹ کے ہینڈ سیٹ اور ٹیبلٹس کی فروخت بڑھ رہی ہے تاہم اس کی رفتار بہت سست ہے۔ کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپریل سے جون کی سہ ماہی کے دوران سمارٹ فونز کی فروخت میں ونڈوز فونز کا حصہ صرف 3.3 فیصد تھا۔ گارٹنر نے یہ پیشنگوئی کی ہے کہ رواں سال کے دوران ترسیل کی جانے والی 1.7 فیصد ٹیبلٹس میں ونڈوز آر ٹی یا پھر ونڈوز ایٹ کا آپریٹنگ سسٹم نصب ہوگا۔ واضح رہے کہ لفظ 'فیبلٹ' فون اور ٹیبلٹ کے ادغام سے بنایا گیا ہے، اور اس میں بڑی سکرین والے فون یا چھوٹی سکرین والی ٹیبلٹ دونوں کی خصوصیات موجود ہوتی ہیں۔ ونڈوز فون ہینڈ سیٹ میں یہ خوبی متعارف کروائی گئی ہے کہ اس میں تصویر لینے کے بعد اس کا فوکس تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ ونڈوز آر ٹی والی ٹیبلٹ میں چار گیگا بائٹ ڈیٹا سٹوریج کی سہولت موجود ہے۔ خیال رہے کہ مائیکروسافٹ نے ایک معاہدے کے تحت نوکیا کے موبائل فون بنانے والے یونٹ کو چار ارب 60 کروڑ ڈالر میں خریدنے کا اعلان کیا تھا۔
ابوظہبی میں نوکیا کے ٹیبلٹس کی رونمائی
Posted on Oct 23, 2013
سماجی رابطہ