اوباما انتظامیہ نے امریکہ میں ایپل کے آئی پیڈ اور آئی فون کے پرانے ماڈلز کی فروخت پر پابندی کے فیصلے کو ختم کر دیا ہے۔
جون میں امریکہ کے انٹرنیشنل ٹریڈ کمیشن (آئی ٹی سی) نے ایپل کی جانب سے اپنے حریف سام سنگ کے پیٹنٹ کی خلاف ورزی پر اس کے پرانے ماڈلز کے آئی فون اور آئی پیڈ کی تجارت پر پابندی لگا دی تھی۔
صدر براک اوباما کے تجارت سے متعلق نمائندے مائیکل فرومین نے اس پابندی کے خلاف فیصلہ دیا ہے اور ان کے مطابق اس سے ’امریکی معیشت میں مسابقاتی ماحول پر اثر پڑے گا‘۔
اسے ایک غیر معمولی فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اس پیٹنٹ کا تعلق 3G وائرلیس ٹیکنالوجی اور ایک وقت پر متعدد سروسز کے ترسیل سے ہے۔
آئی ٹی سی نے ایپل کے آئی فون 4، آئی فون 3، آئی فون 3GS، آئی پیڈ 3G، اور آئی پیڈ 2 3g کی درآمد اور فروخت پر پابندی لگا دی تھی۔ ان میں سے کئی مصنوعات اب امریکی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں۔
آئی ٹی سی کی جانب سے درآمدات پر لگائی گئی پابندیوں کے فیصلے پر نظرثانی کے لیے اوباما انتظامیہ کے پاس ساٹھ دن کا وقت ہوتا ہے۔
اوباما کے تجارتی نمائندے مائیکل فرومین کا کہنا تھا کہ اوباما انتظامیہ کو پیٹنٹ سے متعلق ان مقدمات پر تشویش ہے۔
ایپل نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور اختراع کے حق میں کھڑے ہونے پر صدر اوباما کو سراہا۔ ایپل کا کہنا تھا کہ ’سام سنگ نے پیٹنٹ کے نظام کا غلط استعمال کر کے غلطی پر تھا۔‘
سام سانگ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ’آئی ٹی سی کا فیصلہ اس بات کا اعتراف تھا کہ سام سنگ نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے جبکہ ایپل لائسنس حاصل کرنے کے لیے رضامند نہیں ہے۔‘
ایپل اور سام سنگ کے درمیان پیٹنٹ کے معملات پر ایک عالمی جنگ جاری ہے۔ گزشتہ سال ایک عدالت نے سام سنگ کو ایپل کے پیٹنٹ کی خلاف ورزی کرنے پر ایک بلین ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا لیکن بعد میں اسے کم کر کے 589.9 ملین ڈالر کر دیا گیا تھا۔
ایپل کے پرانے ماڈلز پر پابندی ختم
Posted on Aug 05, 2013
سماجی رابطہ