دنیا بھر میں نقل وحمل کے تیز ترین ریلوے نظام متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ اب ’ہائپر لوپ‘ ٹرانسپورٹ سسٹم کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے۔ مسافر بارہ سو پچاس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر سکیں گے۔
یہ منصوبہ پیر کے روز امریکا میں ایلون مسک کی طرف سے پیش کیا گیا ہے۔ ایلون مسک الیکٹرک کار ساز ادارے ٹیسلا موٹرز اور نجی خلائی ریسرچ فرم ’اسپیس ایکس‘ کے سربراہ ہیں۔ اس منصوبے کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ لاس اینجلس اور سان فرانسسکو کے مابین تقریبا چھ سو کلومیٹر کا فاصلہ صرف پینتیس منٹ میں طے کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے مسافروں کے لیے سُپرسونک رفتار کی حامل پریشر ٹیوبز بنائی جائیں گی۔ اگر واقعی ایسا ہوتا ہے تو یہ ٹرانسپورٹ کی دنیا میں ایک انقلابی قدم ثابت ہوگا۔
مسک کا کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کا یہ نظام ریلوے کے روایتی نظام سے مختلف ہوگا۔ ان کا کہنا تھا، ’’پریشر ٹیوبز یا پریشر ریل ڈبے روایتی ریل کے ڈبوں کے برعکس انتہائی ہلکے ہوں گے۔ ان کو ایک طیارے کی طرح ڈیزائن کیا گیا ہے۔‘‘
اس منصوبے کے موجد مسک کی طرف سے پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اس نئے نظام کے تحت مسافر بارہ سو پچاس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر سکیں گے۔ منصوبے کے تحت کم دباؤ والی ایک ایسی ٹیوب بنائی جائے گی جس میں کیپسولز کے ذریعے سفر کیا جائے گا۔ گزشتہ ہفتے اس ’اوپن سورس ڈیزائن‘ کی تشہیر کے دوران مسک کا کہنا تھا کہ فی الحال وہ اس منصوبے کی تعمیر کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے لیکن گزشتہ روز ان کا کہنا تھا کہ وہ اسے تعمیر کریں گے۔ ان کا تھا کہ وہ یہ نظام پیسے کمانے کی غرض سے نہیں بنا رہے بلکہ یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ یہ منصوبہ کامیاب ہو سکتا ہے۔ مسک کے بقول اس منصوبے کی ڈیزائننگ میں ان کی ٹیم کے علاوہ دیگر دو کمپنیوں کے ماہرین بھی شامل ہیں۔
مسک کا مزید کہنا تھا، ’’مسافروں کو یوں محسوس ہوگا، جسے وہ ہوائی جہاز میں بیٹھے ہوں۔ سفر بہت آرام دہ ہوگا۔ یوں محسوس ہوگا جیسے آپ ہوا پر سوار ہوں۔‘‘
نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ نظام لاس اینجلس اور سان فرانسسکو کے دو بڑے شہروں کو منسلک کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق اس نظام کی تعمیر پر چھ بلین ڈالر کی لاگت آئے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس نظام کے تحت یک طرفہ ٹکٹ کی قیمت تقریباﹰ بیس ڈالر ہو گی۔
’ہائپر لوپ‘ ریل: ہوائی جہاز سے بھی تیز
Posted on Aug 13, 2013
سماجی رابطہ