وکی پیڈیا کے بانی جمی ویلز کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بھارت اور چین جیسے ترقی پذیر ممالک میں انٹرنیٹ استعمال کرنے کی تعداد میں بھاری اضافہ ہوگا جس کے ان ممالک کی حکومتوں پر شدید اثرات پڑیں گے۔
لندن میں منعقدہ سائبرسپیس کانفرنس کے دوران میں بی بی سی سے بات چیت میں انہوں نے کہا، ’آنے والے دنوں میں آن لائن آنے والے 100 کروڑ نئے لوگ بھارت، چین اور افریقہ سے ہوں گے‘۔
نہوں نے کہا، ’ایسی ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ جن سے ہمارا عموماً زیادہ میل جول نہیں ہوتا، بہت بڑی تعداد میں آن لائن آنے والے ہیں‘۔
جمی ویلز نے کہا کہ اس سے ایسی حکومتوں کے لیے شدید نتائج برآمد ہو سکتے ہیں جنہیں ایسے عوام سے نمٹنے کی عادت نہیں جو دنیا کے بارے میں جانتے ہوں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کے عوام میں انٹرنیٹ کی مقبولیت اور لیپ ٹاپس اور سمارٹ فونز کا بڑھتا ہوا استعمال حوصلہ افزاء ہے۔.
تاہم وکی پیڈیا کے بانی نے کہا کہ انٹرنیٹ کی ترقی کے لیے سب سے بڑا خطرہ سنسر شپ ہے کیونکہ چالیس سے زیادہ ملک سنسر شپ کا سہارا لیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہارڈ ویئر‘ کے شعبے میں ترقی کا مطلب ہے کہ حکومتیں پوری ویب سائٹس کو بلاک کرنے کی بجائے کچھ صفحات کو فلٹر کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا،’ہم اسے ایک سنگین مسئلہ کے طور پر دیکھتے ہیں‘۔ انہوں نے اس رجحان کا مقابلہ کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارا اصول ہے کہ ہم سنسر شپ کا کبھی ساتھ نہیں دیں گے‘۔
جمی ویلز نے کہا کہ وکی پیڈیا کو ماضی میں چین میں سنسر شپ کے معاملے میں خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ چینی حکومت نے سنہ دو ہزار چار سے دو ہزار آٹھ کے درمیان کئی مرتبہ وکی پیڈیا کو بلاک کیا تھا لیکن پھر بیجنگ اولمپکس کے موقع پر یہ پابندیاں اٹھا لی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ’اگر چین میں دوبارہ وكی پیڈیا کو روکا گیا تو اس کا ردعمل شدید ہو سکتا ہے۔ ویلز نے کہا وکی پیڈیا آج بہت مضبوط پوزیشن میں ہے۔’ ہم پہلے سے زیادہ جانے جاتے ہیں اور چین کی انٹرنیٹ برادری اور زیادہ جدید ہے‘۔
ویلز نے کہا کہ ’نوجوانوں کو فائر وال سے بچنا آتا ہے اور وہ ایسا کرتے بھی ہیں اور جس کی بھی اس میں تھوڑی بہت دلچسپی ہے وہ ایسا کر سکتا ہے‘۔
جمی ویلز نے کہا کہ ’ایسے بہت لوگ ہیں جو چین میں نہیں رہتے اور وہ چین کے اندر فلٹرز کیے جا رہے صفحات میں ترمیم کر سکتے ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ چین کے باہر چینی بولنے اور لکھنے والے لوگوں کی تعداد جرمنی کی آبادی سے زیادہ ہے۔
انٹرنیٹ پر سو کروڑ نئے صارف آنے والے ہیں
Posted on Nov 05, 2011
سماجی رابطہ