معروف امریکی سوفٹ ویئر کمپنی مائیکروسافٹ کی طرف سے اپنے نئے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز ایٹ کا پہلا پبلک ورژن ریلیز کر دیا گیا ہے۔ اس پیشرفت کو کمپیوٹر اور اسمارٹ فونز کے میدان میں ایپل کا مقابلہ کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
نئے آپریٹنگ سسٹم کی ریلیز کے موقع پر سیاٹل میں قائم اس سافٹ ویئر کمپنی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ نیا ورژن ونڈوز کے ابتدائی ورژن یعنی ونڈوز 95 کے مقابلے میں بالکل ہی مختلف انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ونڈوز ایٹ اب تک صرف رجسٹرڈ سافٹ ویئر ڈویلپرز کو ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب تھا، مگر اس کے باوجود یہ آپریٹنگ سسٹم تین ملین کی تعداد میں ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔
ونڈوز ایٹ کی نئی نمایان ترین بات موزائیک طرز کا اس کا ایکٹیویٹی ڈسپلے ہے۔ اس ڈسپلے کی بدولت صارف کا اپنے کمپیوٹر پر مختلف کام انجام دینے کا طریقہ کار بدل گیا ہے۔ نیا آپریٹنگ سسٹم پرسنل کمپیوٹر کے علاوہ ٹیبلٹ کمپیوٹرز پر بھی استعمال کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں ٹچ اسکرین کے علاوہ روایتی ماؤس کے ذریعے بھی مختلف کام انجام دیے جا سکتے ہیں۔
ٹیبلٹ کمپیوٹر کی نہایت تیزی سے بڑھتی ہوئی مارکیٹ میں قدم رکھنے کے حوالے سے مائیکروسافٹ اپنی حریف کمپنیوں ایپل اور گُوگل سے برسوں پیچھے ہے۔ مختلف مارکیٹ سرویز کے مطابق ملین کی تعداد میں لیپ ٹاپ صارفین اب ٹیبلٹ کمپیوٹر استعمال کرنے لگے ہیں۔ دنیا کی نمبر ایک سافٹ ویئر کمپنی رہنے والا امریکی ادارہ مائیکروسافٹ اسمارٹ فونز کے میدان بھی کافی پیچھے رہ گیا ہے، جس پر اس کمپنی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے کہ یہ پرسنل کمپیوٹر کے بعد کے دور کے لیے خود کو تیار نہیں کر پائی۔
مائیکروسافٹ کے ونڈوز ڈویژن کے سربراہ اسٹیون سینوفسکی نے ونڈوز ایٹ کی ریلیز کے موقع پر بتایا: ’’ ونڈوز ایٹ میں ہم نے وہ طریقے اکٹھے کر دیے ہیں جن کے ذریعے لوگ اپنے کمپیوٹر پر کام کرتے ہیں، بھلے آپ پرسنل کمپیوٹر استعمال کر رہے ہوں یا ٹیبلٹ کمپیوٹر۔‘‘
ونڈوز ایٹ میں روایتی ونڈوز کے ’اسٹارٹ‘ بٹن کو ختم کر کے اب سلائڈنگ مینو دے دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ویب بیسڈ اسٹوریج کی سہولت بھی ونڈوز ایٹ میں دستیاب ہے۔ ونڈوز ایٹ مائیکروسافٹ کی طرف سے تیار کیا گیا پہلا آپریٹنگ سسٹم ہے جو ARM پروسیسر کے ساتھ بھی کام کر سکتا ہے۔ ARM چپس اکثر اسمارٹ فونز کے علاوہ ٹیبلٹ کمپیوٹرز میں بھی استعمال کی جا رہی ہیں۔
ونڈوز ایٹ نہ صرف بُوٹ ہونے میں بہت کم وقت لیتا ہے بلکہ یہ ونڈوز سیون کے مقابلے میں کم انرجی اور پروسیسر کی کم طاقت بھی استعمال کرتا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ ونڈوز ایٹ کا مکمل ورژن رواں برس ستمبر یا اکتوبر میں ریلیز کر دیا جائے گا۔
مائیکروسافٹ ونڈوز ایٹ کا پبلک ورژن ریلیز کر دیا گیا
Posted on Mar 02, 2012
سماجی رابطہ