انٹرنیٹ کی معروف کمپنی یاہو نے ایک برطانوی نو عمر لڑکے کی تیار کردہ ایک ایپلیکشن کئی ملین پاؤنڈز میں خرید لی ہے۔ لندن کے اس نوجوان کی ڈیزائن کردہ خبریں جمع کرنے سے متعلق ایپلکیشن تیزی سے مقبول ہوئی۔
لندن کے ایک اخبار کے مطابق یاہو اور Nick D'Aloisio کے درمیان ایپلیکیشن خریدنے کا یہ معاہدہ اس 17 سالہ نوجوان کو دنیا کا کم عمر تین ٹیکنالوجی ملینیئر بنا دے گا۔ تاہم اس نیوز ایپلیکیشن کے عوض یاہو نے حقیقت میں کتنی رقم ادا کی ہے، اس بارے میں طرفین کی طرف سے اصل مالیت سامنے آنے کا امکان نہیں ہے۔ تاہم جرمن نیوز ویب سائٹ ’اشپیگل آن لائن‘ کے مطابق یاہو نے یہ ایپلیکیشن 30 ملین امریکی ڈالرز کے عوض خریدی ہے۔
Nick D'Aloisio نے سملی Summly نامی ایپلیکیشن کا پہلا ورژن دو برس قبل تیار کیا تھا اور اسے گزشتہ برس لانچ کیا تھا۔ آن لائن نیوز اسٹوریز جمع کرنے والی یہ ایپلکیشن گزشتہ برس نومبر میں ایپل کے ایپ اسٹور سے مفت ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپلیکیشنز میں نویں نمبر پر رہی۔
D'Aloisio نے ایوننگ اسٹینڈرڈ کو بتایا کہ وہ یاہو کے لیے کام بھی کرے گا، تاہم اس کا کہنا تھا کہ وہ اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد یونیورسٹی کے لیے اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ہاہو کی طرف سے اپنی ایپلیکیشن خریدنے کے حوالے سے D'Aloisio کا کہنا تھا، ’’میں نے ایپلیکیشن کی تیاری کا کام مشغلے کے طور پر شروع کیا تھا، اس وقت مجھے اندازہ بھی نہیں تھا کہ اس سے پیسے کمانا بھی ممکن ہے۔‘‘
اتنی کم عمری میں ملینیئر بننے والا یہ نوجوان ان پیسوں کا کیا کرے گا؟ اس سوال کے جواب میں D'Aloisio نے اخبار کو بتایا، ’’مجھے جوتے پسند ہیں۔ میں Nike ٹریننگ شوز کا ایک نیا جوڑا خریدوں گا اور شاید نیا کمپیوٹر بھی، مگر اس وقت تو میں یہ رقم بینک رکھنے کا ارادہ رکھتا ہوں، کیونکہ میرے بہت زیادہ اخراجات نہیں ہیں۔‘‘
D'Aloisio کا سملی کی ویب سائٹ پر کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کمپنی یاہو کی طرف سے سملی نامی یہ ایپلیکیشن خریدے جانے کے بعد اسے ایپ اسٹور سے ہٹا دیا جائے گا، تاہم اس کی ٹیکنالوجی یاہو کی مستقبل کی مصنوعات کے لیے استعمال کی جائے گی۔
نوجوان کی نیوز ایپلیکیشن یاہو نے کئی ملین پاؤنڈز میں خرید لی
Posted on Mar 29, 2013
سماجی رابطہ