امریکا کے خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا نے پہلی مرتبہ سعودی عرب کی ایک خاتون خلائی سائنسدان ڈاکٹر ماجدہ ابو راس کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ماجدہ کا انتخاب خلیجی ممالک میں ناسا کے زیر اہتمام قائم گلف سائنس وٹیکنالوجی اینڈ ڈوپلمنٹ آرگنائزیشن کے ذریعے کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ماجدہ اس ادارے میں خلائی تحقیقاتی ریسرچ کو عملی شکل دینے اور پروگرام ڈویلپمنٹ کے شعبے میں کام کرے گی۔ ڈاکٹر ماجدہ نے سعودی عرب کے ایک اخبارسے گفتگو میں ناسا میں اپنی شمولیت کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ ناسا کی ٹیم میں شامل ہونے سے سعودی عرب کی خواتین کے عالمی سائنس کے میدان تک رسائی کی راہ ہموار ہو گی اور اس سے خادم الحرمین الشریفین کا سعودی خواتین کے عالمی کردار کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہو سکے گا۔ ڈاکٹر ماجدہ کا کہنا ہے کہ مسلم دنیا کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا ہمیشہ اہم کردار رہا ہے۔ عورتیں صرف امور خانہ داری ہی میں اپنے جوہر نہیں دکھاتیں بلکہ مسلم دنیا میں خواتین نے کئی عملی میدانوں اور سائنسی تحقیقات کے شعبوں میں بھی کار ہائے نمایاں انجام دیے ہیں۔ ڈاکٹر ماجدہ ابو رآس شاہ عبدالعزیز یونیورسٹی جدہ کے بائیو ٹیکنالوجی سائنس کالج میں لیکچرار ہیں اور انہوں نے برطانیہ کی سرے یونیورسٹی سے بائیو ٹیکنالوجی کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی ہے۔
سعودی خاتون خلائی سائنسدان ناسا کی ٹیم میں شامل
Posted on Feb 27, 2012
سماجی رابطہ