ایک امریکی مارکیٹ ریسرچ کمپنی IDC کے مطابق رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں پہلی مرتبہ اسمارٹ فونز کی عالمی سطح پر فروخت روایتی موبائل فونز یا فیچر فونز سے تجاوز کر گئی ہے۔
یہ اعداد وشمار بھارت اور چین جیسی تیزی سے ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی کی طرف بڑھتے ہوئے رحجان کی نشاندہی کرتے ہیں۔ IDC کے اعداد وشمار کے مطابق رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں عالمی سطح پر فروخت ہونے والے موبائل فونز کی تعداد 418.6 ملین رہی۔ اس میں سے اسمارٹ فونز کی تعداد 216.2 ملین یونٹس تک پہنچ گئی ہے جوکُل فروخت ہونے والے موبائل فون کا 51.6 فیصد بنتا ہے۔
صارفین کی دلچسپی روایتی موبائل فونز کی نسبت اسمارٹ فونز کی طرف کس تیزی سے بڑھ رہی ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رواں برس اس عرصے میں فروخت ہونے والی اسمارٹ فونز کی تعداد گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران فروخت ہونے والی تعداد کے مقابلے میں 41.6 فیصد زائد ہے۔
IDC کے سینیئر ریسرچ اینالسٹ کیون ریسٹیوو Kevin Restivo کے مطابق، ’’فون استعمال کرنے والے اب اپنی جیب میں کمپیوٹر رکھنا چاہتے ہیں۔ وہ وقت جب فون صرف کالز کرنے اور ایس ایم ایس بھیجنے کے لیے استعمال ہوتے تھے، تیزی سے ختم ہوتا جا رہا ہے۔ اسی باعث لوگوں کی توجہ اب اسمارٹ فونز کی طرف بڑھ رہی ہے اور موبائل فون بنانے والی کمپنیاں بھی اب زیادہ تر اسمارٹ فونز تیار کرنے کی فوقیت دے رہی ہیں۔‘‘
صارفین کی اسمارٹ فونز کی طرف تیزی سے منتقل ہوتی ہوئی اس توجہ کا سب سے زیادہ فائدہ جنوبی کوریا کی کمپنی سام سنگ کو پہنچا ہے۔ اس کمپنی نے رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں 70.7 ملین ڈیوائس فروخت کی ہیں۔ یہ تعداد گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران فروخت کے مقابلے میں 60.7 فیصد زائد ہے۔ IDC کی رپورٹ کے مطابق سام سنگ اس وقت اسمارٹ فون مارکیٹ پر غلبہ حاصل کیے ہوئے ہے اور اس کا مارکیٹ شیئر 32.7 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
معروف امریکی کمپیوٹر ساز ادارہ ایپل کا نمبر اسمارٹ فون مارکیٹ میں دوسرا رہا اور پہلی سہ ماہی کے دوران اس کے 37.4 ملین آئی فون فروخت ہوئے اور اس کا مارکیٹ شیئر 17.3 فیصد رہا۔ اس علاوہ ٹاپ فائیو میں ایل جی، ہوائی اور زیڈ ٹی ای رہے جن کے فروخت ہونے والے یونٹس کی تعداد بالترتیب 10.3 ملیں، 9.9 ملین اور 9.1 ملین رہی۔
روایتی موبائل فون مارکیٹ میں بھی سرفہرست سام سنگ کا ہی نام ہے۔ 2013ء کی پہلی سہ ماہی میں اس کے 115ملین یونٹس فروخت ہوئے اور یہ کُل فروخت ہونے والے موبائل فونز کا 27.5 فیصد شیئر بنتا ہے۔ نوکیا دوسرے نمبر پر رہا اور اس کا شیئر 14.8 فیصد رہا۔ تاہم نوکیا کے موبائل فون سیٹس کی فروخت گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران اس کی سیل کے مقابلے مین 25 فیصد کم رہی۔ ایپل کا نمبر مجموعی موبائل فون مارکیٹ میں تیسرا رہا اور اس کا شیئر 8.9 فیصد رہا۔
اسمارٹ فونز کی فروخت روایتی موبائل فونز سے تجاوز کر گئی
Posted on May 03, 2013
سماجی رابطہ