جاپانی گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹویوٹا نےبغیر ڈرائیور کے چلنے والی کار کی ایک ویڈیو جاری کی ہے تاکہ لوگ اندازہ لگا سکیں کہ یہ کیسی ہو گی۔
یہ ویڈیو لاس ویگس میں اگلے ہفتے ہونے والے صارفین کے لیے بننے والی الیکٹرونکس اشیا کے شو سے پہلے جاری کی گئی ہے۔
ٹویوٹا نے ایک لیکسس کار پر راڈار اور ویڈیو کیمرے نصب کیے ہیں جو اس کے ڈرائیور اور اردگرد کی سڑکوں پر نظر رکھ کر ڈرائیور کی مدد کرتے ہیں۔
ٹویوٹا کے مطابق یہ کار دوسری گاڑیوں سے رابطہ میں بھی رہ پائے گی جس سے ڈرائیور اور ارد گرد کے لوگ زیادہ محفوظ ہوں گے۔
ٹویوٹا کمپنی کے ترجمان نے کہا ’ہم ایک ایسی کار چاہتے ہیں جو سڑک پر حادثات کو مکمل طو پر ختم کر دے، ہمارا ہدف سڑک پر گاڑیوں کے ٹکراؤ کا مکمل خاتمہ ہے۔‘
ٹویوٹا نے اس نظام کو ’انٹیلجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم‘ کہا ہے جس کا مطلب نقل و حمل کا سمجھدار نظام بنتا ہے۔
ٹویوٹا کے مطابق یہ نظام اس بات کا جائزہ لیتا رہے گا کہ ’آیا گاڑی سڑک پر ہے، ڈرائیور کیا جاگ رہا ہے، گاڑی ٹریفک لائٹ پر رک رہی ہے یا نہیں۔ یہ نظام ڈرائیور کی معاونت کے لیے اس کے ساتھ کام کرے گا مگر گاڑی ڈرائیور کے بغیر اپنے آپ کو خود بھی چلا سکتی ہے۔‘
سڑک کے کنارے نصب روشنی کے اشارے گاڑی کو سڑک پر پیدل چلنے والوں اور رکاوٹوں کی اطلاع دیں گے اور یہ کہ کیا ٹریف کی بتی سرخ ہے یا سبز، اس کے علاوہ کار خود بھی پیدل چلنے والوں کی جگہ کا تعین کر پائے گی۔
ٹویوٹا دنیا کی بڑی کار بنانے والی کمپنیوں میں سے ایک ہے جو کاروں میں خودکار نظام پر تحقیق کر رہی ہیں۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق آؤڈی ایک خود پارک کرنے والی گاڑی بھی لاس ویگس میں ہونے والے شو میں پیش کرے گی۔
ٹویوٹا کی بغیر ڈرائیور کے چلنے والی کار
Posted on Jan 07, 2013
سماجی رابطہ