10 فروری 2013
وقت اشاعت: 7:33
امریکا اورکنیڈا میں برفانی طوفان سے نظام زندگی مفلوج
اے آر وائی - امریکااور کینیڈامیں برفانی طوفان سےنظام زندگی مفلوج ہوگیا۔ کینیڈامیں تین افرادہلاک ہوگئے جبکہ نیویارک سمیت پانچ ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ساڑھے چھ لاکھ گھربجلی سےمحروم ہیں اورسڑکیں ٹریفک کےلیے بندکردی گئیں ۔
گذشتہ سال آنے والے سینڈی طوفان کی تباہ کاریاں ابھی مکمل طور پر ختم بھی نہیں ہوئی تھیں کہ امریکا کو ایک اور طوفان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہےاور یہ طوفان ہے برفباری کا۔ شمال مشرقی ریاستیں خصوصا نشانہ ہیں مسلسل گرتی برف اور طوفانی ہواؤں کا۔نیویارک میں ہر طرف برف ہی برف ہے۔ پروازوں کی آمدورفت منسوخ ہونے کے علاہ ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔
نیویارک میں ساڑھے چارہزارسے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جس کے باعث ہزاروں مسافر ائیرپورٹس پر پھنسے ہوئے ہیں۔ میسا چوسیٹس میں گاڑیاں چلانے پر پابندی لگادی گئی ہے ۔ چھ لاکھ سے زائد لوگ بجلی سے محروم ہیں ۔ نیویارک، کنیکٹیکٹ، میساچوسٹس اور رہوڈ آئی لینڈ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔برفانی طوفان کے خطرات سے نمٹنے کے لئے مختلف ریاستوں میں ہنگامی مراکز قائم کردیئے گئے ہیں۔
بوسٹن میں لوگوں کو شام چار بجے کے بعد گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت برفانی طوفان سے نمٹنے کے لئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ تجارتی مراکز بند کئے جار ہے ہیں۔ اور لوگوں نے کھانے پینے کی چیزیں اکھٹا کرنا شروع کر دی ہیں۔
دوسری طرف ٹورنٹو میں برفانی طوفان کے باعث ٹریفک حادثات میں تین افرادہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ ٹورانٹو میں برفباری کا پانچ سالہ ریکارڈ ٹوٹا اور دس انچ برف پڑی۔۔ خراب موسم کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند کر دئیے گئے اور آٹھ سو زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔