2 جون 2014
وقت اشاعت: 17:4
الطاف حسین سے اظہار یکجہتی و تجدید عہد وفا کیلئے ہیوسٹن میں ایم کیو ایم کی ریلی
جیو نیوز - ہیوسٹن …راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی… ایم کیو ایم ہیوسٹن چیپٹر کے زیراہتمام ساؤتھ ریسٹ ہیوسٹن میں قائد تحریک الطاف حسین سے اظہار یکجہتی و تجدید عہد وفا کیلئے ہیوسٹن میں ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں عوام‘ مختلف سماجی شخصیات اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء پلے کارڈز‘ جھنڈے اُٹھائے نعرے لگاتے قافلوں کی شکل میں ساؤتھ ویسٹ ہیوسٹن میں واقع ہل کرافٹ اسٹریٹ پر موجود ہاریزن ٹریول کے پارکنگ لاٹ میں جمع ہوئے۔ دھوپ اور سخت گرمی کے باوجود عوام و کارکنوں کا جوش و خروش مثالی تھا۔ گاڑیوں کی لمبی قطار ہل کرافٹ اسٹریٹ سے ہوتی ہوئی ویسٹ ہائیر روڈ تک رواں رہی۔ خواتین اور بچوں نے بھی ایم کیو ایم کے پرچم اور اپنے قائد کی تصاویر اُٹھا رکھی تھیں۔ ریلی میں ایم کیو ایم کا روایتی نظم وضبط قابل تعریف تھا۔ ریلی کے اختتام پر دل پسند مٹھائی ہل کرافٹ پر پُرتکلف ناشتے کا بھی اہتمام کیا گیاتھا۔ اس موقع پر پاکستان سے نجی دورے پر آئے ہوئے ایم کیو ایم کے سینیٹر بابر خان غوری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم کو صفحہٴ ہستی سے مٹانے کیلئے انٹرنیشنل منفی سیاست کی جا رہی ہے قائد تحریک سے دور کرنے کیلئے کارکنوں کو انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن ظلم و جبر سے حق پرستی کی شمع کو نہیں بجھایا جا سکتا عوام اور کارکن کل بھی قائد تحریک کے ساتھ تھے آج بھی ہیں اور مرتے دم تک اپنے قائد کے ساتھ رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ الطاف حسین پاکستان کے 98 فیصد مظلوم طبقے کے حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیں اور حق و صداقت کی واحد آواز ہیں اُن کے چاہنے والوں نے ان کی آواز پر ہمیشہ لبیک کہا ہے اور اپنے عمل سے ثابت بھی کیا ہے۔ اس موقع پر حق پرست شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا‘ پاکستان اور قائد تحریک الطاف حسین کی درازیٴ عمر کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم امریکا کے زیراہتمام الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے امریکابھر میں 18 سے زائد شہروں میں ریلیاں منعقد کی گئی تھیں۔ ایم کیو ایم ہیوسٹن کے انچارج امتیاز احسن نے تمام یونٹ کمیٹی کی جانب سے ریلی کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا ،اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مختصر وقت میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کا جمع ہونا ہیوسٹن میں ایم کیو ایم کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی علامت ہے۔