3 اپریل 2016
وقت اشاعت: 17:4
پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون ہمارے مفاد میں ہے،امریکی ترجمان
جیو نیوز - واشنگٹن......... امریکہ نے ایک بار پھر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کو تباہ کرنے میں پاکستان کی معاونت کرنا امریکہ کی قومی سلامتی کے حق میں ہے،اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون ہمارے اپنے مفاد میں ہے۔
دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان میں جاری آپریشن سے شدت پسندوں کو نقصان پہنچا ہے،ان کے ٹھکانے تباہ ہوئے اور افغانستان میں حملوں کی صلاحیت میں بھی بھی کمی آئی ہے،ہم افغان مصالحتی عمل میں پاکستان کے کردار کے معترف ہیں ۔
میڈیا کو معمول کی بریفنگ میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک سی ٹونر نے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن امریکہ اور پاکستان سمیت پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ پاکستان کی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے لیے ایف 16 لڑاکا طیارے دینے کے مجوزہ منصوبے کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ہتھیاروں کی فروخت کے معاملے پر امریکہ سینیٹ میں ہونے والی کارروائی پر باقاعدہ نوٹیفکیشن آنے تک کچھ نہیں کہہ سکتے۔
انھوں نے واضح کیا کہ اپنے اتحادیوں کو سکیورٹی کے معاملات میں تعاون فراہم کرنے کے لیے ہم کانگریس کے ساتھ مل کر رہے ہیں، اتحادیوں کو درپیش چیلنجز میں ان کی دفاعی صلاحیت کو بڑھانا امریکی خارجہ پالیسی کے مفاد میں ہے، پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن سے شدت پسندوں کے ٹھکانے اور صلاحیت متاثر ہوئے ہیں۔
ہمیں یقین ہے کہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کو تباہ کرنے میں پاکستان کی معاونت کرنا امریکہ کی قومی سلامتی کے حق میں ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیامِ امن کے لیے پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور امریکہ افغان مصالحتی عمل میں پاکستان کے کردار کا معترف ہے۔
اوباما انتظامیہ نے 2016 کے لیے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے لیے ملنے والی رقم یعنی کولیشن سپورٹ فنڈ جاری رکھنے کے لیے کانگریس کے سامنے درخواست بھیج دی ہے لیکن اس کے بعد اس کے مستقبل پر کچھ بھی کہنے سے انکار کیا ہے۔