7 اپریل 2016
وقت اشاعت: 19:0
بھارتی تعلیمی بورڈ کی طلبا کو امتحانی کاپیوں پر ’اوم‘ اور ’786‘ نہ لکھنے کی ہدایت
جیو نیوز - کراچی......رفیق مانگٹ......بھارت کے ایک تعلیمی بورڈ نے طلبا کو امتحانی کاپیوں پر اوم اور786 نہ لکھنے کی ہدایت کرتے ہو ئے اس قسم کی تحریر سے منع کر دیا ہے۔
بھارتی ریاست یوپی کے تعلیمی بورڈ ’مدھیامک شکشا پریشد‘ نے سیکنڈری اور انٹر میڈیٹ کےطلبا ءکیلئے ہدایات جاری کی ہیں کہ اپنی امتحانی کاپیوں پر ’اوم یا 786‘ جیسا کوئی مذہبی لفظ،علامت یا نمبر استعمال نہ کریں،ہدایت کی خلاف ورزی کی صورت میں طلبا امتحان سے نااہل قرار دیے جا سکتے ہیں۔
ہدایت نامے میں کہا گیا کہ امتحانی عمل سے مذہب کو الگ رکھا جائے، ممتحن سے امتحان دینے والے کا مذہب خفیہ رکھا جائے۔ بورڈ کے امتحانات قریب ہیں،امتحانی سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت دی گئی ہیں کہ طلبا کسی بھی قسم کے الیکٹرانک گیجٹ امتحانی مرکز میں نہ لائیں یہ انہیں نقل میں مدد دے سکتے ہیں۔
18فروری سے شروع ہونے والے یو پی کے بورڈ امتحانات میں تقریباً 68لاکھ طلباءشرکت کریں گے۔یاد رہے کہ علم الاعداد کے حساب سے بسم اللہ الرحمٰن الرحیم کا مجموعی نمبر786 ہے،اسی لیے بعض لوگ بسم اللہ کی جگہ 786 لکھ دیتے ہیں۔
ہندو مذہب کی رو سے وشنو جی ،شوجی اور برہما جی کا مقدس نام ’اوم‘ ہے، ہندو مت کے علاوہ، جین مت، بدھ مت، سکھ مت میں بھی اسے مقدس سمجھا جاتا ہے۔