9 اپریل 2016
وقت اشاعت: 20:9
سعودی عرب میں فوجی مشق رعد الشمال شروع
جیو نیوز - اسلام آباد......سعودی عرب میں فوجی مشق رعد الشمال شروع ہو گئی ہے جس میں پاکستان کے فوجی دستے بھی شریک ہیں۔ خطے کی سب سے اہم جنگی مشق رعد الشمال یعنی شمال کی گھن گرج۔
رعد الشمال میں پاکستان سمیت 20ممالک کی مسلح افواج کے دستے شامل ہیں ،یہ ملک اُس مسلم فوجی اتحاد کا حصہ ہیں جو سعودی عرب کی زیر کمان قائم ہوا ہے۔
سعودی عرب کے شمالی علاقے حفرالباطن میں جاری رعد الشمال اپنی نوعیت کی پہلی جنگ مشق ہے۔ رعد الشمال کو خطے کی تاریخ کی سب سے بڑی اور اہم جنگ مشق قرار دیا جا رہا ہے۔پاکستانی فوجی دستے میں اسپیشل سروسز گروپ کے افسران بھی شامل ہیں۔ رعد الشمال جنگی مشق 10 مارچ تک جاری رہے گی۔
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ رعد الشمال کا مقصد خطے کے استحکام، امن کے قیام اور دہشت گردی سمیت تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد ہونا ہے۔
مختلف معاہدوں کے تحت پاکستانی فوجیوں کو سعودی عرب بھجوایا جاتا ہے جبکہ سعودی مسلح افواج کے اہلکار پاکستا ن میں تربیت حاصل کرنے آتے ہیں ، اس کے علاوہ دوطرفہ جنگی مشقیں بھی ہوتی رہتی ہیں۔