12 اپریل 2016
وقت اشاعت: 8:1
این ایس اے پاکستان کا ٹیلیفون ڈیٹا چرارہی ہے‘ایڈورڈاسنوڈن
جیو نیوز - لندن .........امریکی قومی سلامتی کی ایجنسی کے سابق ملازم ایڈورڈ اسنوڈن نے انکشاف کیاہے کہ این ایس اے پاکستان کا ٹیلیفون ڈیٹا چرارہی ہے، جبکہ چرائے گئے ڈیٹا کا تجزیہ کرکے مشتبہ افراد کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایاجارہاہے۔
سابق امریکی جاسوس ایڈورڈاسنوڈن نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا کی قومی سلامتی ایجنسی (این ایس اے) خفیہ پروگرام اسکائی نیٹ کے ذریعے پاکستان کا موبائیل فون ڈیٹا چراتی ہے۔پھر اس کو پروگرام کے ذریعے تجزیہ کرکے مشتبہ دہشتگردوں کی نشاندہی کے لیئے استعمال کیا جاتا ہے۔امریکی اخبار میں شائع ہونے والے ا سنوڈن کے خفیہ دستاویز کے مطابق اسکائی نیٹ کی نشاندہی کے بعد ان مشتبہ افراد کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا جاتاہے۔
انسانی حقوق کے گروپ کے پی ایچ ڈی سائنسدان پیٹرک بال کے مطابق امریکی قومی سلامتی ایجنسی کے ڈیٹا چرانے اور اس کا تجزیہ کرنے والے پروگرام میں نقصائص موجود ہیں اور یہ پروگرام دہشتگردوں کی صحیح نشاندہی نہیں کرتا جس کے نتیجے میں ڈرونز کے ذریعے معصوم پاکستانی سویلین کو نشانہ بنیا جاتاہے۔
پیٹرک بال کے مطابق اب تک اسکائی نیٹ سے پندرہ ہزار افراد کی ممکنہ طور پر دہشتگرد کے طور پر نشاندہی کی جاچکی ہے، جبکہ ممکن ہے کہ ان افراد کو ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا ہو۔ امریکی میڈیا کے مطابق پاکستان میں اب تک ڈرون حملوں میں ہزاروں افراد مارے جاچکے ہیں۔