13 اپریل 2016
وقت اشاعت: 19:21
امریکہ کی شمالی کوریا پر نئی پابندیاں ،جنوبی کوریاکا خیر مقدم
جیو نیوز - واشنگٹن........امریکی صدر باراک اوباما نے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں لگانے کے مسودے پر دستخط کر دیے ہیں جبکہ جنوبی کوریا نے نئی امریکی پابندیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ شمالی کوریا کی اشتعال انگیز سرگرمیوں کے خلاف امریکی عزم کا مظاہرہ ہے ۔
غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکہ کے صدر اوباما نے پیانگ یانگ کے جوہری اور میزائل تجربات کے ردعمل میں شمالی کوریا پر نئی پابندیوں کی قانون سازی پر دستخط کر دیے ہیں۔اس قانون کے تحت پیانگ یانگ کے جوہری اور میزائل پروگرام میں کسی بھی طرح معاونت کرنے والوں اور سائبر حملوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں پر لازمی پابندیاں عائد کرنے کا کہا گیا ہے۔
توسیع شدہ تعزیرات کا مقصد شمالی کوریا کو چھوٹے جوہری ہتھیار بنانے اور انہیں ہدف تک پہنچانے والے دور مار میزائلوں کی تیاری کے لیے درکار وسائل پر قدغن لگانا ہے۔اس قانون کے تحت آئندہ پانچ سالوں کے لیے شمالی کوریا میں ریڈیو نشریات اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی پروگراموں کے لیے پانچ کروڑ ڈالر کی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔
ادھر جنوبی کوریا کی وزارتِ خارجہ نے نئی امریکی پابندیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ شمالی کوریا کی اشتعال انگیز سرگرمیوں کے خلاف امریکی عزم کا مظاہرہ ہے۔ شمالی کوریا نے رواں مہینے کی سات تاریخ کو طویل فاصلے کے راکٹ کا تجربہ کیا تھا۔