14 اپریل 2016
وقت اشاعت: 22:59
اسپین میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث پاکستانیوں کا گروہ گرفتار
جیو نیوز - بارسلونا...شفقت علی رضا...اسپین کے علاقے لاریوخا ڈویژن کی ایک پاکستانی ایسوسی ایشن میں عہدے کے اعتبار سے دوسرے نمبر کی پوزیشن رکھنے والے جاوید ڈبل اے کو اسپین رینجرز نے دیگر 4 پاکستانیوں کے ہمراہ گرفتار کر لیا۔
رینجرز نے آپریشن ’’کاآئوبا‘‘ کے تحت یوروپول ایجنسی پر 150 سپاہیوں کی مدد سے کیا۔ گرفتار کئے گئے گروہ کے ارکان کو پکڑنے کے لئے لگرونیا، کالااورا ،اور تودیلا میں 14 گھروں پر چھاپے مارے گئے جہاں سے بہت بڑی تعداد میں پاکستانی پاسپورٹ، ویزا اسٹیکرز، ڈومیسائل، پاکستانی شناختی کارڈ، 22 ہزار یورو ، 55 موبائل فون اور حسابی کھاتے رینجرز نے اپنی تحویل میں لے لیے۔
ملزم جاوید اورگروہ کے دیگر 4 افراد پاکستانیوں کو براستہ اٹلی اور براہ راست اسپین لائے جانے کے بعد ان سے ڈونر کباب کی دکانوں اور پی سی اوز پر جبری مشقت بھی کرواتے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق ٹیلیفون پر گروہ کے ارکان کی بات چیت ریکارڈ کرنے کے بعد فوری طور پر چھاپے مارے گئے،
ریڈنگ ٹیم کے مطابق اگر فوری چھاپے نہ مارے جاتے تو گروہ کے تمام ارکان برطانیہ، جرمنی، کینیڈا اور پاکستان منتقل ہوجاتے جس کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہو چکی تھیں۔
گرفتارشدہ ملزم جاوید بھی 11 مارچ کو اپنے خاندان کے ہمراہ مانچسٹر کیلئے جہاز میں اپنی نشستیں بک کروا چکا تھا جہاں اس نے خاندان کی مستقل رہائش کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ لاریوخا ایسوسی ایشن کے صدر فدا حسین نے میڈیا کے ساتھ انٹرویو میں اپنے قائم مقام صدر جاوید کی حمایت میں بیان دیا ہے۔