تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
17 اپریل 2016
وقت اشاعت: 10:9

امریکہ نے فلسطین میں اسرائیلی بستیوں کو غیرقانونی قرار دیدیا

جیو نیوز - عمان.........امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے فلسطین کے مقبوضہ عرب علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے تعمیر کی جانے والی یہودی بستیوں کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے صہیونی توسیع پسندی کی ایک بار پھر سخت مخالف کردی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے فلسطینی اتھارٹی کی صدر محمود عباس پر زور دیا ہے کہ وہ مغربی کنارے اور یروشلم میں فلسطینیوں اور اسرائیلی شہریوں کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادا کریں۔

امریکی محکمہ خارجہ کےترجمان کے مطابق جان کیری نے دورہ اردن کے دوران فلسطینی صدر سے ملاقات کی۔ترجمان جان کربی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ نے اپنے اس موقف کو دہرایا کہ خطے میں قیامِ امن کے لیے اشتعال انگیز اور تشدد پر ابھارنے والے بیانات سے گریز ضروری ہے۔

بیان کے مطابق دونوں رہنمائو ں نے ملاقات میں یروشلم میں واقع مسلمانوں اور یہودیوں کے لیے یکساں مقدس مقامات سے متعلق فلسطینیوں کے خدشات اور وہاں جاری کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ جان کیری نے کہا کہ فلسطین میں یہودی بستیوں کے حوالے سے ان کے ملک کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ امریکا اسرائیل کی طرف سے قائم کی جانے والی کالونیوں کوغیرقانونی سمجھتا ہے۔

اس موقع پر صدر عباس نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی خاطرعالم امن کانفرنس بلانے کی فرانسیسی تجویز بھی جان کیری کے سامنے رکھی اور کہا کہ فلسطین سمیت عرب ممالک اس تجویز سے اتفاق کرتے ہیں۔صائب ارکات کا کہنا تھاکہ فلسطینی صدر جان کیری کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطین کی داخلی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی وزیرخارجہ جان کیری اور صدر عباس نے سعودی عرب کی جانب سے مسئلہ فلسطین کی حمایت کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ سعودی عرب نے قضیہ فلسطین کو اپنے ایجنڈے میں سرفہرست رکھ کر یہ ثابت کیا ہے کہ ریاض فلسطینی تنازع کے منصفانہ حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.