17 اپریل 2016
وقت اشاعت: 10:25
سعودی عرب دنیا میںسب سے زیادہ اسلحہ خریدنے والا ملک
جیو نیوز - بیجنگ.........ملٹری تھنک ٹینک کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا میں گزشتہ سال سب سے زیادہ اسلحہ درآمد کرنے والا ملک سعودی عرب ہے جبکہ بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔ 2015 کی اس فہرست میں پاکستان نویں سے دسویں نمبر پر آگیا ہے۔
اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق 2015 میں دنیا کے سب سے زیادہ اسلحہ درآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں سعودی عرب پہلے، بھارت دوسرے نمبر پر رہا۔واضح رہے کہ 2014 کی فہرست میں بھارت سب سے زیادہ اسلحہ درآمد کرنے والے ملک کے طور پر سامنے آیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان نے 2015 میں 735 ملین ڈالر کا اسلحہ درآمد کیا جبکہ بھارت کا یہ حجم 3 ہزار 78 ملین ڈالر رہا ،پاکستان نے سب سے زیادہ اسلحہ چین سے درآمد کیا جس کی مالیت 565 ملین ڈالر تھی،اس کے بعد اسے امریکا نے 66 ملین ڈالر کا اسلحہ برآمد کیایوں پاکستان، چین سے اسلحہ خریدنے والے ممالک میں سر فہرست رہا ،جو چین کے برآمد کیے جانے والے کل اسلحے کا 35 فیصد تھا ۔
بنگلہ دیش اور میانمار، چین سے اسلحہ درآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔رپورٹ کے مطابق بھارت کو سب سے زیادہ روس نے ایک ہزار 964 ملین ڈالر کا اسلحہ فروخت کیا، جس کے بعد اسرائیل اور امریکا نے بالترتیب 316 اور 302 ملین ڈالر کا اسلحہ برآمد کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکا نے 2015 میں 10 ہزار 484 ملین ڈالر کا اسلحہ برآمد کیا، جبکہ روس نے اسی عرصے میں 5 ہزار 483 ملین ڈالر کا اسلحہ برآمد کیا۔اسلحہ برآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں فرانس کا چوتھا اور جرمنی کا پانچواں نمبر ہے، تاہم 2015 میں ان کے اسلحہ برآمد کرنے کے حجم میں کمی آئی ہے۔