1 مارچ 2013
وقت اشاعت: 11:40
جاپان:ن لیگ ہی پاکستان کے مستقبل کی ضامن ہے، ملک نور اعوان
جیو نیوز - ٹوکیو…عرفان صدیقی…پاکستان مسلم لیگ ن ہی میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کے مستقبل کی ضامن ہے اور مخالفین کی کوششوں کے باوجود اگلی حکومت مسلم لیگ ن کی ہی ہوگی۔ یہ بات مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کاناگاوا کین میں پارٹی کارکنوں سے ایک اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ ملک نور اعوان نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت صرف مسلم لیگ ن کی ہی قربانیوں کی وجہ سے قائم ہے ورنہ گزشتہ پانچ سالوں میں کئی ایسے مواقع بھی آئے جب آمریت نے جمہوریت کی بساط لپیٹنے کی تیاری مکمل کرلی تھی تاہم یہ مسلم لیگ ن کی قیادت ہی تھی جس نے پاکستان کو آمریت کے شکنجوں سے بچایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں دنیا بھر سے ن لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد پاکستان پہنچے گی اور مسلم لیگ ن کو انتخابات میں کامیاب کرانے کیلئے ہر طرح کی سپورٹ فراہم کرے گی۔ اس موقع پر ملک نور اعوان نے جاپان میں لیگی کارکنوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جاپان میں لیگی کارکنوں نے ہر موقع پر پارٹی کا ساتھ دیکر مسلم لیگ ن کو طاقت ور بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔