19 مارچ 2013
وقت اشاعت: 11:38
فرانس،اسپیشل بچوں کے اسکول فنڈز کے زیادہ مستحق ہیں: غالب اقبال
جیو نیوز - پیرس…رضا چوہدری…فرانس میں اسپیشل بچوں کے اسکولوں کو دیگر اسکولوں کی نسبت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ بات فرانس میں سفیرپاکستان غالب اقبال نے المدثر اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس پیرس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں کہا کہ المدثر اسپیشل ایجوکیشن نے تھوڑے عرصے میں ترقی کی منازل طے کیں، ہمیں مل کر ان اداروں کو اور مضبوط کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان بھر میں مخیّر حضرات سے بھی اپیل کروں گا کہ وہ اس ادارے کی بھرپورمدد کریں، کیونکہ اسپیشل بچوں کے اسکولامداد کے زیادہ مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں عنقریب یونیسکو میں بھی اس ادارے کیلئے آواز اٹھاوٴں گا۔ غالب اقبال نے کہا کہ سید مدثر حسین شاہ نے ایک بہت بڑا مشن شروع کر رکھا ہے، یہ چھوٹا کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارن آفس کام کرنے والی بینائی سے محروم لڑکی دیکھ کر محسوس ہو تا ہے کہ اللہ تعالیٰ اسپیشل افراد کو ایک نعمت سے محروم کر کے کئی گنا زیادہ صلاحتیوں سے نواز دیتے ہیں۔ سفیرپاکستان غالب اقبال نے کہا کہ سید مدثر حسین شاہ کو چاہیے کہ وہ ایک ایسی کمیٹی تشکیل دیں جو علاقے کا سروے کرے کہ اس علاقے میں معذور بچوں کی پیدائش کی شرح کیوں زیادہ ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید مدثر حسین شاہ نے کہا کہ محمد ارشد مہر کا شکر یہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس تقریب کا انعقاد کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں نے اپنی ذات کیلئے سوائے اللہ کے کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھلایا، صرف پاکستانی قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں کیلئے اپیل کر رہا ہوں، کسی نے بھی میرے ادارے کا آڈٹ کرنا ہو تو میں حاضر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم امداد کی اپیل کرتے ہیں تو کئی مرتبہ ہمیں باتیں بھی بھی سننی پڑتی ہیں لیکن اللہ کے کرم سے ہمارا دامن صاف ہے اور ادارے میں بچوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات کے حل کیلئے عوام سے اپیل ضرور کریں گے۔