تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
27 جون 2011
وقت اشاعت: 14:4

رمضان المبارک سےایک ماہ قبل ہی اشیائےخوردونوش مہنگی

اے آر وائی - کراچی : رمضان المبارک کی آمد میں اگرچہ ابھی ایک ماہ باقی ہے لیکن منافع خور اور ذخیرہ اندوز ابھی سے سرگرم ہو گئے ہیں۔ گذشتہ چند روز کے دوران ملک بھر کی مارکیٹوں کو مہنگائی کی ایک نئی لہر نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔



گندم، آٹا، دالوں اور چینی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ ایک ایسے موقع پر جب مہنگائی کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیاء کی طلب میں اضافہ نہیں ہورہا ہے، قیمتوں کا بڑھنا بلاجواز اور حیران کن ہے۔ ذخیرہ اندوزوں نے رمضان المبارک سے قبل چینی کی فی کلوگرام قیمت پانچ روپے بڑھا کر ستر روپے کردی ہے۔ گندم کی ایک سو کلوگرام بوری کی قیمت بھی ایک سو روپے بڑھا کر ساڑھے پچیس سو روپے ہوگئی ہے۔ ڈھائی نمبر آٹا دو روپے فی کلوگرام مہنگا کردیا گیا ہے اور یہ بتیس روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔





فائن آٹے کی فی کلوگرام قیمت تین روپے بڑھا کر پینتیس روپے کردی گئی ہے۔ چنے کی دال کی فی کلوگرام قیمت پانچ روپے اضافے سے اسی روپے ہوگئی ہے۔ سب سے زیادہ اضافہ کابلی چنے کی قیمت میں ہوا جو بیس روپے فی کلوگرام مہنگا کرکے ایک سو بیس روپے کردیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کا کوئی ٹھوس جواز پیش نہیں کیا گیا ہے۔ اور اضافہ بھی انہی اشیاء کی قیمت میں ہوا ہے جن کا استعمال رمضان میں عروج پر پہنچ جاتا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.