9 اپریل 2015
وقت اشاعت: 16:36
رات 8 بجے بازار بند، فیصلے پر توانائی سیکٹر کے ماہرین خوش
جیو نیوز - لاہور.......... بجلی بچت کے سلسلے میں ملک بھر میں مارکیٹیں اور بازار رات 8 بجے بند کرانے کے حکومتی فیصلے کو انرجی امور کے ماہرین نے سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بجلی بچانا ہو گی ورنہ گرمیاں مشکل سے کٹیں گی، اس فیصلے پر فوری عمل ہونا چاہئے۔ حکومت نے بجلی کی بچت کے لیے ملک بھر میں مارکیٹیں اور بازار رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماہرین نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ چاروں صوبوں میں ایک ساتھ بازار اور مارکیٹیں بند کرائی جائیں، اس پر عمل ہو گیا تو تین ہزار میگاواٹ بجلی کی بچت ہو گی۔ماہرین کہتے ہیں کہ بجلی پیداوار کے نئے منصوبوں کی تکمیل کے لیے وقت درکار ہے، تاجروں کے ساتھ لوگوں کو گھروں میں بھی بجلی بچت کا کلچر اپنانا ہو گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ زبانی جمع خرچ سے کبھی بجلی کا بحران ختم نہیں ہو گا، حالات کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئےملکی مفاد میں ہر طبقے کو کچھ کڑوے گھونٹ پینا پڑیں گے۔