28 اپریل 2015
وقت اشاعت: 14:59
اسلام آباد میں ” پاکستان موبائل ایپلی کیشن ایوارڈز “کی تقریب
جیو نیوز - اسلام آباد..........پاکستان موبائل ایپلی کیشن ایوارڈز کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی ۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وفاقی وزیر انوشہ رحمان کا کہنا ہے کہ ایوارڈز اور انعامات کی تقسیم سے نئی ایپلی کیشن تیار کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ” پاکستان موبائل ایپلی کیشن ایوارڈز2015 “کی تقریب کا اہتمام کیا ۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام کی وفاقی وزیر انوشہ رحمان تقریب کی مہمان خصوصی تھیں جنہوں نے دو مختلف کیٹیگریز میں کامیاب ایپلی کیشن تیار کرنے والوں کو نقد انعامات اور ایوارڈز دیے ۔ تقریب سے خطاب میں انوشہ رحمان نے پی ٹی اے کی کارگردگی کو سراہا اور کہا کہ ادارے کا یہ اقدام نئی ایپلی کیشن تیار کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لئے بہترین پیش رفت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ اداروں میں ان ایپلی کیشن کا صحیح استعمال کیا جائے گا۔ انوشہ رحمان نے کہا کہ حکومت ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، اگلے پانچ برسوں میں ٹیلی کام سیکٹرکا مجموعی حجم800 ارب روپے ہو جائے گا۔ پی ٹی اے کے چیئرمین ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کے لئے ٹیلی کام آپریٹروں کے ساتھ مل کر مستقبل میں اہم منصوبوں پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موبائل ایپلی کیشن ایوارڈ انڈسٹری، تعلیمی اداروں اور ریگولیٹر کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا۔ تقریب سے سپارکوکے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ) احمد بلال اور انجینئر رخسانہ زبیری نے بھی خطاب کیا۔ پی ٹی اے کے ممبر فنانس طارق سلطان اور ممبر کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ عبدالصمد بھی تقریب میں موجود تھے۔