تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
11 اگست 2015
وقت اشاعت: 15:1

وفاقی بجٹ جمعے کو پیش ہوگا، اقتصادی جائزہ آج پیش ہوگا

جیو نیوز - اسلام آباد.......آئندہ مالی سال کا بجٹ جمعہ کو پیش کیا جائے گا اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار رواں مالی سال کا اقتصادی جائزہ آج شام پیش کریں گے۔ جائزے کے مطابق زیادہ تر اقتصادی اہداف پورے نہیں کیے جا سکے۔ اقتصادی جائزے کے اعداد و شمار کے مطابق اقتصادی ترقی کی شرح کا ہدف 5.1مختص کیا گیا تھا، لیکن یہ شرح 4.2فیصد رہی۔ افراط زر کو 8فیصد تک لانے کا ہدف تھا، تاہم رواں مالی سال کے 10ماہ میں افراط زر4.8 فیصد رہی۔ زرعی شعبے کی ترقی کا ہدف3.3 فیصد تھا، یہ شرح9.2 فیصد رہی۔اقتصادی جائزے کے مطابق صنعتی شعبے میں ترقی کی شرح 6.8 فیصد کی بجائے 3.6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔مینوفیکچرنگ کے شعبے میں ترقی کی شرح 6.9 فیصد کی بجائے 3.2 فیصد رہی۔بڑی صنعتوں کی شرح افزائش 7 فیصد ہدف کے مقابلے میں 2.4 فیصد رہی۔ بجلی کی پیداوار اور گیس کی تقسیم کی شرح ترقی 1.9 فیصد رہی جبکہ ہدف 5.5 فیصد تھا۔قومی بچت اور سرمایہ کاری واحد شعبہ ہے جس میں شرح نمو14.5 فیصد رہی۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار آئندہ مالی سال کا بجٹ جمعے کو پیش کریں گے۔ نئے مالی سال کے بجٹ کا حجم42 کھرب72 ارب روپے ہوگا۔ محصولات کا ہدف 31کھرب روپے رکھا گیا ہے، قرضوں کی ادائیگی کے لیے13 کھرب 10ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ آئندہ مالی سال کے لیے1500 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ منظور کیا گیا ہے، مجموعی ترقی کی شرح کا ہدف5.5 فیصد مقرر کیا گیا ہے، صحت کے لیے11 ارب10 کروڑ روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 20ارب روپے ملیں گے، برآمدات کا ہدف 25ارب 50کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے، ٹیکس وصولی کا ہدف 3103ارب روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ترقیاتی بجٹ میں وزارت دفاع کے لیے 2ارب91 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.