19 اگست 2015
وقت اشاعت: 15:51
تاجروں کا نئے ٹیکسوں کیخلاف ہڑتال احتجاج،وفاقی وزیر خزانہ کا نوٹس
جیو نیوز - اسلام آباد......وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 50 ہزار یا اس سے زائد کی بینک ٹرانزکشن پر 0اعشاریہ6 فیصد ٹیکس کیخلاف تاجروں کے احتجاج کا نوٹس لے لیا۔ تاجر نمائندوں اور ایف بی آر حکام کا اجلاس آج طلب کر لیا ۔ وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ معاملہ باہمی مشاورت سے حل کرنا چاہتے ہیں۔انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کیلئے 50 ہزار یا اس سے زائد کی ہربینک ٹرانزیکشن پر 0اعشاریہ6 فیصد ٹیکس رواں مالی سال کے بجٹ میں لگایا گیا تھا۔ اس پر تاجروں نے سخت احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال اوربینکوں سے اپنے پیسے نکلوا لینے کی دھمکی دی ۔ وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس معاملے پر میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے تاجروں کے نما ئندوں اور ایف بی آر حکام کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے طلب کر لیا ہے۔