24 اگست 2015
وقت اشاعت: 22:20
تاجر برادری نے یکم اگست سے ہڑتال کا اعلان کر دیا
جیو نیوز - اسلام آباد......تاجروں اور حکومت کے درمیان ود ہولڈنگ ٹیکس کے مسئلے پر ہونے والے مذاکرات میں ناکامی کے بعد تاجروں نے یکم اگست سے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں حکومتی ٹیم اور تاجر رہنماؤں کے درمیان 5گھنٹے سے زیادہ جاری رہنے والے مذکرات میں تاجر برادری نے ود ہولڈنگ ٹیکس نہ دینے کا اعلان کر دیا۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ اب نہ تو وہ مذاکرات کریں گے اور نہ ہی ٹیکس دیں گے۔ انہوں نے ٹیکس دہندہ کی حیثیت سے رجسٹر ہونے کی بجائے ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا، جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ ٹیکس ختم نہیں ہوگا، عید سے قبل مذاکرات میں طے پایا تھا کہ تاجر 30ستمبر تک ٹیکس دہندہ کی حیثیت سے خود کو رجسٹر کروائیں گے اور ان پر اس ٹیکس کا نفاذ نہیں ہوگا، اس سلسلے میں حکومت نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے 30ستمبر تک ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح نان رجسٹر ٹیکس دہندگان کے لئے اعشاریہ چھ فی صد سے کم کرکے اعشاریہ تین فیصد بھی کردی تھی، لیکن اب تاجروں نے رجسٹر ہونے سے انکار کردیا ہے۔پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ کا کہنا ہے کہ ودہولڈنگ ٹیکس سرے سے ختم کردیا جائے،اب حکومت سے مزید مذاکرات نہیں ہوں گے۔ اس موقع پر تاجروں نے مذاکرات اور ٹیکس نامنظور کے نعرے لگائے۔ تاجروں سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار ایف بی آر پہنچ گئے۔