تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
31 اگست 2015
وقت اشاعت: 10:4

محکمہ ریلوے کی غفلت، گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں 50 بوگیاں ناکارہ

جیو نیوز - گوجرانوالہ.......محکمہ ریلوے کی غفلت کے باعث گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں 50 بوگیاں کھڑے کھڑے ناکارہ ہوگئیں۔ ایک بوگی کی مالیت تقریباً ایک کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ ریلوے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچنے کا امکان ہے ۔گوجرانوالہ ریلوے اسٹیشن پر 22اور وزیر آباد میں ٹرین کی 28بوگیاں عرصہ دراز سے کھڑی ہیں ۔ بھوت بنگلوں کا منظر پیش کرنے والی یہ بوگیا ں نشہ کرنے والوں اور جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ بن گئی ہیں ۔محکمہ ریلوے کی غفلت کے باعث بوگیوں سے پنکھے، لائٹ اورسیٹوں کے ساتھ ساتھ قیمتی پرزے بھی چوری ہوگئے ہیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق مسافر ڈبوں کو معمولی فنی خرابی کے باعث تقریباً 6ماہ قبل یہاں کھڑا کیا گیا تھا ،انہیں مرمت کے لئے مغل پورہ لاہور کی ورکشاپ لے جانا تھا۔ مکینیکل ڈپارٹمنٹ ریلوے کے مطابق ٹرین کی ایک بوگی کا وزن تقریباً 42ٹن ہوتا ہے اور اس کی مالیت تقریباً ایک کروڑ روپے بنتی ہے، اس طرح انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی غفلت سے 50بوگیاں ناکارہ ہونے سے محکمہ کوکروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔ ریلوے پولیس چوکی کے انچارج اصغر علی کا کہنا ہے کہ یہ بوگیاں سیکورٹی رسک بن چکی ہیں ۔انہوں نے متعدد بار انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ لاہور سے بوگیاں ورکشاپ منتقل کرنے کی درخواست کی لیکن کہا جاتا ہے کہ ورکشاپ میں جگہ نہیں ہے۔ریلوے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے ایک افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جیو نیو ز کو بتایا کہ گوجرانوالہ اور وزیر آباد میں کھڑی بوگیوں میں زیادہ تراچھی حالت میں تھیں ، لیکن محکمہ کی غفلت کے باعث یہ بوگیا ں اب ناکارہ ہو چکی ہیں ۔ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ نے کارروائی سے بچنے کے لئے بوگیوں کو ناکارہ ظاہر کرتے ہوئے نا قابل مرمت قرار دے دیا ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.