2 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 14:3
آج سے پیٹرول اورڈیزل 3روپےفی لیٹرسستا ہوگیا
جیو نیوز - اسلام آباد.....آج سے پیٹرول اور ڈیزل 3 روپے فی لیٹر سستا کردیا گیاہے ۔ پیٹرول کی نئی قیمت 73روپے 76پیسے اور ڈیزل کی 82روپے 4 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔جبکہ گیس کی قیمتوں میں 13 سے 69 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے ۔وفاقی وزیر پیٹرولیم نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3روپے فی لیٹر کمی جبکہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ، پیٹرول کی قیمت 73روپے 76پیسےفی لیٹر مقرر کی گئی ہے ، ڈیزل کی نئی قیمت 82روپے 4 پیسے ،ایچ او بی سی کی 79روپے 79پیسے ، مٹی کا تیل 57روپے 11پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 53 روپے 59 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے ، اوگرا کی طرف سے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 14پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 7روپے 40 پیسے کمی کی سفارش کی گئی تھی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ ماہانہ ایک سو مکعب میٹر تک گیس استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلیے گیس 4 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو،300مکعب میٹر استعمال پر 8روپے اور ماہانہ 300یونٹ سے زائد گیس کے استعمال پر گھریلو صارفین کیلیے فی یونٹ گیس 69روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کی گئی ہے ، یکم ستمبر سے سی این جی کیلیے گیس 100روپے ، کمرشل سیکٹر کیلیے63روپے ، صنعتوں کیلیے 112روپے، کیپٹو پاور پلانٹس کیلیے 27روپے ، بجلی کارخانوں کیلیے 112روپے، کھاد کارخانے جو گیس کو بطور خام مال استعمال کرتے ہیں گیس 77روپے جبکہ کھاد کے کارخانوں کیلیے گیس بطور ایندھن 112روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کر دی گئی ہے ۔