29 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 8:43
70 فیصد صارفین کو درست بل نہیں ملتے،نیپرا
جیو نیوز - اسلام آباد.......نیپرا کی سالانہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ستر فیصد صارفین کو درست بل نہیں ملتے ۔ نیپرا نے سال 2014 اور 2015 کی سالانہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بجلی کا نیا میٹر سسٹم بھی ناکارہ ہے اور 70 فیصد صارفین کو درست بل نہیں دیئے جاتے۔
رپورٹ میں وزارت پانی و بجلی کی کارکردگی ناقص قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال اور لوڈ شیڈنگ جان بوجھ کر کی جاتی رہی ہے۔ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس کی انتظامیہ نے مشینوں اور پاور یونٹس کو جان بوجھ کر بند رکھا۔ بعض پاور پلانٹس کی مشینیں 3 سال سے بند ہیں۔
نیپرا نے دریائے سندھ پر بجلی کے پیداواری یونٹ جناح ہائیڈرو پروجیکٹ کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ 17 ارب خرچ کر دینے کے باوجود منصوبے میں تکنیکی خرابیاں پیدا ہو گئیں، منصوبے کو مکمل ہوئے 3 برس ہوگئے ہیں لیکن یہ مطلوبہ مقدار میں بجلی پیدا نہیں کر سکا اور منصوبے سے 3 برسوں میں صرف 72 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔جبکہ وزارت پانی و بجلی نے اس تاثر کی تردید کی ہے کہ بعض پلانٹ سٹینڈ بائی ہونے سے لوڈشیڈنگ بڑھی ہے۔