1 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 15:31
رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں بڑے پیمانے پربہتری کے آثار
جیو نیوز - لاہور… پاکستان کی رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں عیدالاضحی کے بعد بڑے پیمانے پربہتری کے آثارنمودارہوئے ہیں جس کی بڑی وجہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اپنے خاندان کے ساتھ عید منانے کیلئے وطن واپسی ہے۔
عید الاضحی عین اس وقت پرآ ئی ہے جب ملک میں سیکورٹی کی صورت حال میں کافی بہتری آچکی ہے۔ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری کامیاب آپریشن کی وجہ سے ڈویلپر پراجیکٹس میں پہلے سے کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے واپس آتے ہی اپنی زیادہ تررقم رئیل اسٹیٹ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری پرلگائی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ رجحان انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ملک میں سیاسی استحکام اورسیکورٹی صورت حال میں بہتری کی وجہ سے 2016ء میں رئیل اسٹیٹ میں بڑی سرمایہ کاری ہونے کی توقع ہے۔
تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ اورملک میں معاشی استحکام کے علاوہ تمام شعبوں میں روزگارکے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔