2 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 22:19
بینکوں نے بھی عوام کو جعلی نوٹ تھمادئیے۔۔!!
جیو نیوز - کراچی…حافظ محمد نعمان…ملکی تاریخ میں شاید پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ بینکوں نے اپنے ہی صارفین کو جعلی کرنسی نوٹ تھمادیئے۔
جی ہاں ایسا پچھلے ہفتے عید الاضحی کے موقع پر ہوا جب ملک کے مشہور و معروف بینکوں نے صارفین کو جعلی نوٹ تھمادئیے۔ اس بات کا انکشاف سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے کیاہے۔
بینک کی شاخوں پر نصب اے ٹی ایمز سے جعلی نوٹوں کا ملنا ایک خوفناک حقیقت ہے۔ بینک کاؤنٹرز پر ہی آپ نے نوٹوں کی جانچ کرکے جعلی نوٹ واپس کردئیے تو ٹھیک ورنہ بینک ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ہوتا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا اپنی زیرِصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں کہنا تھا کہ عید قربان پر ملک بھر میں جعلی کرنسی نوٹ استعمال ہوئے کیونکہ بینکوں نے صارفین کو جعلی کرنسی نوٹ جاری کیے۔
اجلاس میں موجود سینیٹر کامل علی آغا کا بھی یہی کہنا تھا کہ ایک بینک نے عید پر جعلی کرنسی نوٹ جاری کیے تاہم دوسری جانب ترجمان اسٹیٹ بینک نے الزامات کو یہ کہہ کر رد کردیا کہ بینک کسی بھی کرنسی نوٹ کو پڑتال کیے بغیرجاری نہیں کرتے۔
اس حوالے سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ2017 تک کرنسی نوٹوں کے اصل یا جعلی ہونے کے لیے ہر برانچ میں مشینیں لگائی جائیں۔