تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
6 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 11:16

فرانس، فضائی کمپنی کے ملازمین کی ہڑتال جاری، صورتحال پرتشدد ہوگئی

جیو نیوز - پیرس......رضا چوہدری......فرانس کی فضائی کمپنی’ ائیرفرانس‘ کے ملازمین کی گزشتہ روز سے جاری ہڑتال کے سبب صورتحال سنگین ہونے لگی ہے جبکہ معاملہ پرتشدد بھی ہوتا جارہا ہے۔

کمپنی انتظامیہ کی جانب سے 2 ہزار900 افراد کی ملازمتیں ختم کرنے کے فیصلے کے خلاف ملازمین ہڑتال پر ہیں جنہیں مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں تاحال جاری ہیں ۔

ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنے والی تنظیم اور انتظامیہ کے درمیان اس وقت صورتحال مزید گمبھیر ہو گئی جب مذاکرات کے دوران بعض لوگ طیش میں آکر ایئر فرانس کے منیجر پرچڑھ دوڑے۔

اس اقدام کے نتیجے میں منیجر نے راہ فرار اختیار کرنے کو بہتر جانا تاہم لوگوں نے انہیں گریبان سے پکڑ لیا جس سے ان کا کوٹ، ٹائی اور قمیص پھٹ گئی اور انہیں نیم برہنہ حالت میں اور سیکورٹی عملے کی مدد سے جنگلہ پھلانگ کر اپنی جان بچانا پڑی۔

فرانسیسی صدر و وزیراعظم نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مسائل کا حل تشدد میں نہیں ، مذاکرات میں ہے۔

ادھر سول سوسائٹی اور حزب اختلاف کے رہنماوٴں نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور محکمہ ہوابازی کو یہ نوبت آنے سے پہلے ہی معاملہ حل کرلینا چاہئے تھا ۔

اس تمام صورتحال کے باوجود پیر کی صبح سے شروع ہونے والی ہڑتال تاحال جاری ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.