تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
8 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 16:19

چھوٹی رقوم کی ترسیل، امریکی اور پاکستانی کمپنی میں معاہدہ

جیو نیوز - اسلام آباد....... پاکستانی اورامریکی کمپنی کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت لوگ انٹرنیٹ اورموبائل فون پر بذریعہ کار ڈ بیرون ملک سے اپنے عزیز و اقارب کو چھوٹی رقوم بھی بھجوا سکیں گے، اس سے نہ صرف ہنڈی اور حوالہ کے غیر قانونی کاوربار کی حوصلہ شکنی ہوگی بلکہ دستاویزات کے ذریعے ترسیلات زر بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔

پاکستانی کمپنی انوویٹو اور امریکی کمپنی مونامی کے جوائنٹ وینچر کے نتیجے میں تارکین وطن اپنے رشتے داروں کو معمولی رقم بھی بھجوا سکیں گے ، اس وینچر کو کارڈ والا سسٹم کا نام دیا گیا ہے۔ انوویٹو کمپنی کے سربراہ بشیرشیخ کا کہنا ہے کہ لوگ ہنڈی کے ذریعےغیر قانونی طور پر پیسے بھجواتے ہیں جس کاکوئی ریکارڈ نہیں ہوتا ،ہم چاہتے ہیں ’کارڈ والا سسٹم ‘ سے پیسہ قانونی شکل میں پاکستان آئے اورفوری متعلقہ افراد تک پہنچ جائےاور اس پر خرچہ بھی کم سے کم ہو۔

امریکی بیسڈ مونامی کمپنی کے نمائندوں عمار عفیف اور حیدر ممتاز کا کہنا ہے کہ کارڈ والا سسٹم پہلے چھوٹے شہروں میں متعارف کرائیں گے، بیرون ملکوں سے رقوم کی آسان ترسیل سے لوگ اسکول فیس کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ سٹورز سے سامان کی خریداری بھی کرسکیں گے۔

دونوں کمپنیوں کے نمائندگان کا کہنا تھا کہ دیگر ملکوں کے مقابلے میں پاکستان میں لوگ انٹر نیٹ اورموبائل فون کے ذریعے رقوم کی ترسیل سے لاعلم ہیں، ’کارڈ والاسسٹم‘ کا بنیادی مقصد ای کامرس کو فروغ دیکر لین دین کو آسان بنانا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.