8 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 19:31
ڈیڑھ سال میں دور دراز علاقوں تک تھری جی فراہم کر دیں گے، انوشہ
جیو نیوز - اسلام آباد.......وزیر مملکت برائے انفارمشین ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ ڈیڑھ سال میں دور دراز علاقوں تک تھری جی سروس فراہم کر دیں گے، موبائل فون کمپنیز کے ساتھ مل کر 14ارب روپے کے منصوبے شروع کیے ہیں ۔
جنگ گروپ کے زیر اہتمام ایچ ای سی میں پاکستان اسکول آن انٹرنیٹ گورننس کی تقریب سے خطاب میں وزیر مملکت انوشہ رحمان کا کہنا تھا کہ دوردراز علاقوں میں لوگوں کے پاس آئی ٹی کی سہولیات نہیں ، ڈیڑھ سال بعد دیہی علاقوں میں بھی ٹیلی کام کی جدید سہولیات فراہم کر دی جائیں گی ۔
انوشہ رحمان نے کہا کہ انٹرنیٹ کی اسپیڈ بہتر کرنے کے لیے 5ہزار کلومیٹر آپٹک فائبر بچھادی گئی ہے ، تھری جی اور فور جی سے سماجی و معاشی ترقی ہورہی ہے ۔
وزیر مملکت انوشہ رحمان کا کہنا ہے کہ ای کامرس اور سائبرکرائم بل پر کام جاری ہے، ان کی وزارت میں سارا کام کمپیوٹرائزڈ ہو چکا ہے ، دسمبر تک 13وزارتیں کمپیوٹرائزڈ ہوجائیں گی، اگلے سال کے آخر تک تمام وزارتوں میں کاغذ کا استعمال بند ہو جائے گا ۔