تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
15 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 3:48

ودہولڈنگ ٹیکس کسی صورت قبول نہیں، آل پاکستان تاجر اتحاد

جیو نیوز -
کوئٹہ........آل پاکستان تاجر اتحاد کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ودہولڈنگ ٹیکس کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ ودہولڈنگ ٹیکس اگر واپس نہیں لیا گیا تو سڑکوں پر آکر احتجاج کریں گے۔ موجودہ حکومت ناکام ہوچکی ہے جس حکومت کے ساتھ تاجر نہیں ہوں گے وہ حکومت نہیں چل سکے گی۔ ان خیالات کا اظہار تاجر اتحاد کے مرکزی صدر خالد پرویز انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ اور دیگر تاجر رہنماوں نے کوئٹہ میں کل پاکستان تاجر کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔

وہ کہتے ہیں کہ ودہولڈنگ ٹیکس عوام کے ساتھ زیادتی ہے اور وہ بھی بینکوں کے ذریعے اس کی کٹوتی جہاں ریٹائرڈ ملازمین، بیواؤں کے بھی پیسے رکھے ہوتے ہیں۔ ہم نے پہلے بھی اس ٹیکس کی واپسی کے لیے شدید احتجاج کیا حکومت کے ساتھ تاجروں کے نام نہاد ایجنٹ جو مذاکرات کررہے ہیں ہم اس کو مسترد کرتے ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کو اسمگلنگ کا بہانہ بنا کر تنگ کیا جارہا ہے، بلوچستان کے تاجروں کے ساتھ یہ زیادتیاں برداشت نہیں کریں گے۔ پاک چائنا اکنامک کریڈور کو سابق روٹ سے ہی منسلک کیا جائے تاکہ بلوچستان کے عوام بھی اس منصوبے سے مستفید ہوسکیں۔

مقررین نے کہا کہ آج پورے پاکستان کے تاجر بلوچستان کے تاجروں کے ساتھ کھڑے ہیں اگر تاجر حقوق کے لیے اٹھ کھڑے ہوں تو انہیں حق لئے بغیر کوئی نہیں بیٹھا سکتا اور نہ ہی حقوق پر ڈاکہ ڈالا جاسکے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.