16 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 7:32
پاکستان ا ور روس کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے کے معاہدے پر دستخط
جیو نیوز - اسلام آباد .......پاکستان ا ور روس کے درمیان کراچی سے لاہور تک 1100 کلو میٹر طویل پائپ لائن منصوبے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے توقع ظاہر کی ہے کہ روس کے تعاون سےپاکستان میں توانائی کی صورتحال بہتر ہو گی۔روس کے وزیر توانائی نوواک الیگزینڈر اور پاکستان کے وزیر پٹرولیم وقدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں معاہدے پر دستخط کئے۔ وزیر اعظم نواز شریف بھی تقریب میں موجود تھے۔
وزارت پٹرولیم سے جاری بیان کے مطابق روسی وزیر نے گزشتہ روز وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پاکستان توانائی کے مسئلے کے حل کےلیے کوشاں ہے، توقع ہے کہ روس کے تعاون سے توانائی کی صورتحال بہتر ہو گی ۔
روسی وزیر توانائی نے کہا کہ توانائی کے مسئلے پر قابو پانے کےلیے پاکستان سے ہر ممکن تعاون کریں گے ۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ وزیر اعظم نے اوفا میں روسی صدر پیوٹن سے منصوبے سے متعلق بات کی تھی، منصوبے پر بروقت اقدامات کےلئے روس کے کردار کو سراہتے ہیں۔
روس گیس پائپ لائن منصوبے پر تقریبا2ارب ڈالر سرمایہ کاری کریگا۔ کراچی سے لاہور تک 1100 کلو میٹر طویل پائپ لائن منصوبے کا پہلا مرحلہ دسمبر 2017 تک مکمل ہو گا ۔