20 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 9:48
اسپین،20یورو کے جعلی نوٹ یورپی ممالک کیلئے دردسر بن گئے
جیو نیوز - بارسلونا......شفقت علی رضا......یورپی یونین کے ممالک میں 20یورو کے جعلی نوٹوں نے سرکولیشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔
یورپی یونین کے قیام کے بعد ایک مشترکہ ”منڈی“ تمام ممبر ممالک کا خواب تھا جہاں تمام ممالک آپس میں بغیر روک ٹوک کے آزادانہ تجارت کر سکیں ۔
اس خیال کی بنیاد پر یورپی ممالک کے درمیان کرنسی کے لین دین کے باعث درپیش مشکلات کو ختم کرنے کے لئے ایک ہی کرنسی کا خیال بھی معاشی ماہرین کی اولین ترجیح تھی ۔
یورو کرنسی کا باقاعدہ آغاز یکم جنوری 1999کو ہواجب ٹریولز چیک ، الیکڑانک ٹرانسفر اور بینکوں کے درمیان لین دین کے لئے یورو کرنسی کا اجراء کیا گیا ۔
البتہ عوام کے استعمال کے لئے بینک نوٹس اور سکوں کا اجراء یکم جنوری 2002کو ہواجس میں پانچ سے پانچ سو یورو تک کے بینک نوٹ شامل تھے یہ بینک نوٹ عوام کے استعمال میں فوری طور پر آ گئے
ان بینک نوٹوں میں حفاظتی فیچر ڈالنے اور انہیں مزید جاذب نظر بنانے کے لئے ان کے نئے ڈیزائن متعارف کروائے گئے لیکن اس کے باوجود یورپ بھر میں 20یورو کا جعلی نوٹ گردش میں سر فہرست ہے۔ اس جعل سازی کا سد باب یورپی ممالک کے پاس نظر نہیں آتا۔
جعل سازی کو روکنے کے لئے یورپی بینک نے اعلان کیا ہے کہ پچیس نومبر 2015سے بیس یورو کے نئے کرنسی نوٹ متعارف کروائے جائیں گے جن میں ڈیزائن کی اہم تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ نئے سیکیورٹی فیچرز بھی ہوں گے ۔
تبدیلی کا مقصد جعلسازوں کے لئے مشکلات پیدا کرنا ہے تاکہ وہ بیس یورو کے نوٹ کی نقل تیار نہ کر سکیں۔