1 نومبر 2015
وقت اشاعت: 1:31
حکومت معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات کررہی ہے،صدر ممنون
جیو نیوز - بھوربن ......... صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت قومی معیشت کی بحالی کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے بہترین ماحول فراہم کردیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لئے جامع اور لبرل قوانین وضع کئے گئے ہیں میں جن کی خطے مثال نہیں ملتی،پاکستان خطے کے تمام ملکوں خاص طور پر ہمسایہ ملکوں کے ساتھ بہترین دوستانہ تعلقات کا خواہش مند ہے۔
صدر مملکت نے یہ بات ہفتہ کو بھوربن میں انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس پاکستان (آئی سی ایم اے)کے زیراہتمام تیرہویں مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوںنے کہا کہ خطے کے حالات اور بعض مقامی مسائل کی وجہ سے گزشتہ چند دہائیوں کے دوران قومی معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے جس کے نتیجے میں اقتصادی سرگرمیاں متاثر ہوئیں اور عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔