تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
22 دسمبر 2015
وقت اشاعت: 18:44

پی آئی اے انتظامیہ اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مذاکرات

جیو نیوز - کراچی...... انتظامیہ اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کے بعد دو روز سے جاری پی آئی اے ہیڈ آفس کی تالابندی ختم کردی گئی ہے۔

ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ صدارتی آرڈیننس کے خلاف احتجاج جاری رہے گا۔ دوسری جانب پی آئی اے کی بحالی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل اسلام آباد میں ہورہا ہے۔

احتجاجی ملازمین نے دوسرے دن بھی کراچی میں پی آئی اے ہیڈ آفس کی تالا بندی کی اور ممکنہ نج کاری اور صدارتی آرڈیننس کےذریعے پی آئی اے کو لمیٹڈ کمپنی بنانےکے خلاف احتجاج کیا۔

چیئرمین پی آئی اے ناصر جعفر کی دعوت پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین کیپٹن سہیل بلوچ اور کنوینر شمیم اکمل پر مشتمل وفد نے چیئرمین پی آئی اے سے مذاکرات کئے۔

چئیرمین نے وفد کو یقین دلایا کہ پی آئی اے بحالی کمیٹی کی سفارشات آئندہ دس دن میں پیش ہونے تک بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس نہیں بلایا جائے گا، جس پر ایکشن کمیٹی نے تالابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

چیئرمین پی آئی اے نے ملازمین سے بھی خطاب کیا اور کہا کہ احتجاج سے مسافروں کو پریشانی نہیں ہونی چاہئے۔صدارتی آڈیننس پر ایکشن کمیٹی سے مذاکرات مثبت ماحول میں ہوںگے۔

ایکشن کمیٹی کے چیئرمین کپٹن سہیل بلوچ نے کہا کہ ہم صدارتی آرڈیننس کی واپسی کے مطالبہ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔وزیراعظم کی قائم کردہ پی آئی اے بحالی کمیٹی کا پہلا اجلاس بدھ کو اسلام آباد میں ہوگا۔

حکومتی ٹیم کی قیادت سینیٹر مشاہد اللہ خان کریں گے۔ پہلے وزیراعظم کے معاون خصوصی شجاعت عظیم کو حکومتی ٹیم کاسربراہ بنایا گیا تھا لیکن وہ اس سے دست بردار ہوگئے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.