29 جنوری 2016
وقت اشاعت: 13:53
برطانیہ سے پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی جانے والی رقم میں کمی
جیو نیوز - کراچی .......گزشتہ مالی سال برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم میں سالانہ اضافہ 12 فیصد سے گھٹ کر 5 فیصد سے بھی نیچے آگیاہے۔ مالی سال 15-2014 ء میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے مجموعی طور پر2.2ارب ڈالر وطن بھجوائے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق برطانوی کرنسی پاؤنڈ اسٹرلنگ کی قدر میں کمی سے یہاں سے ملنے والی ترسیلات زر پر بھی اثر پڑا۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانیوالی رقوم میں سالانہ اضافہ 12 فیصد سے کم ہوکر 4.9 فیصد تک محدود رہا۔
مرکزی بینک نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر خام تیل کی گرتی قیمتیں برطانیہ کی معیشت کیلئے معاون ثابت ہورہی ہیں جبکہ ملازمتوں کے مواقع بھی بہتر ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے آنے والے سالوں میں یوکے سے ملنے والی ترسیلات زر میں مزید تیزی آجانے کی امید ہے۔