25 فروری 2016
وقت اشاعت: 6:39
ایمٹیکس اور برادر کمپنیوں نے بینک آف پنجاب کے 7ارب کے قرضے ہڑپ کیے، ایف آئی اے
جیو نیوز - کراچی......ایف آئی اے نے ابتدائی تحقیقات کے بعد انکشاف کیا ہے کہ ایمٹیکس اور اس کی برادر کمپنیوں نے بینک آف پنجاب کے سات ارب روپے سے زائد کے قرضے ہڑپ کیے اور اس بات کی تصدیق بینک آف پنجاب نے بھی کر دی ہے۔
جبکہ اے کے ڈی سیکیورٹیز نے ایم ٹیکس کے اندراج کے وقت یہ بات چھپائی کہ ایم ٹیکس ڈیفالٹ کر چکی ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ایمٹیکس، اے کے ڈی سیکیورٹیز اور ای او بی آئی کے خلاف کارروائی مکمل طور پر قانون کے مطابق کی گئی۔
بینک آف پنجاب کا قرضہ ہڑپ کرنے پر کراچی میں ایم ٹیکس، ای او بی آئی اور اے کے ڈی سیکیورٹیز سے تعلق رکھنے والے ملزمان کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کی گئی۔
ان اداروں سے تعلق رکھنے والے ملزمان کو صرف ریسرچ رپورٹ کی بنیاد پر نامزد نہیں کیا گیا،اے کے ڈی سیکیورٹیز ہی ایمٹیکس کا انڈررائٹر تھا۔تاہم اس نے لسٹنگ کے وقت یہ حقیقت چھپائی کہ ایم ٹیکس نے پنجاب حکومت کا 6ارب 37کروڑ روپے کا ڈیفالٹ کیا ہے۔
ایم ٹیکس کے برادر ادارے شمع ایکسپورٹرز نے اسی بینک کا ایک ارب 43 کروڑ روپے اور ایم فورٹ نے 29 کروڑ روپے کا ڈیفالٹ کیا، اس ڈیفالٹ کی تصدیق خود بینک آف پنجاب نے بھی اپنے یکم جنوری 2016ء کے خط میں کر دی ہے۔
ادھر اے کے ڈی سیکیورٹیز اور ایم ٹیکس کے قریبی ذرائع نے اس بات کی تردید کی کہ ایم ٹیکس اور اس کے برادر اداروں نے کسی طرح کا ڈیفالٹ کیا ہے۔