10 مارچ 2016
وقت اشاعت: 0:33
پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری کیخلاف احتجاجی دھمال
جیو نیوز - کراچی ......دمادم مست قلندر کی تال پر پی آئی اے ملازمین نے احتجاجی دھمال کیا۔ مجوزہ نجکاری کے خلاف احتجاج کے دوسرے دن بھی قومی ایئرلائن کے تمام دفاتر میں تالے جھولتے رہے۔
حکومت نے مطالبات نہ مانے تو دما دم مست قلندر ہوگا، یہ تھیں وہ دھمکیاں جو کراچی میں پی آئی اے ہیڈ آفس پر احتجاجی دھرنے کے دوران گردش کرتی رہیں۔
احتجاج کے دوسرے دن بھی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما ؤں نے جذباتی اور طویل تقریریں کیں۔ دھرنے اور تقریروں کی طوالت نے بور کیا تو ملازمین نے دمادم مست قلندر کا عملی مظاہرہ شروع کردیا، اس دوران ایک بزرگ ملازم نے وہ دھمال ڈالا کہ جوان بھی دیکھتے رہ گئے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر صفدر انجم کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے 3 سو ارب روپے کے خسارے کی ذمہ دار غلط پالیسیاں بنانے والی انتظامیہ ہے۔
سوئی سدرن گیس اور پی ٹی سی ایل سمیت مختلف اداروں کے مزدور رہنماؤں نے احتجاجی دھرنے میں شریک ہوکر یکجہتی کا اظہار کیا ۔
نج کاری کے خلاف ملازمین کا احتجاج جاری ہے اس دوران اطلاعات کے مطابق چیئرمین پی آئی اے ناصر جعفر دوہفتے کی طویل تعطیلات پر چلے گئے ہیں۔