25 مارچ 2016
وقت اشاعت: 11:7
پی آئی اے ہڑتال کا پانچواں دن، کھڑے طیاروں پر دھول جمنےلگی
جیو نیوز - لاہور.......لاہورمیں پی آئی اے فلائٹ آپریشن کی معطلی کو آج پانچواں روز ہے۔ رن وے پر کھڑے پی آئی اے کے طیاروں پر دھول جمنا شروع ہوگئی ہے۔
انٹری پاس منسوخ کیے جانے کی وجہ سے پی آئی اے ملازمین کو ایئر پورٹ کی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ پریشان حال مسافر پی آئی اے سروس کو کوستے رہے۔
لاہورمیں فلائٹ آپریشن کی بحالی کا سلسلہ 5ویں روز بھی شروع نہ ہوسکا، آج اندرون اور بیرون ملک آنے جانے والی 36پروازیں منسوخ ہوئیں،مسافر ٹکٹ کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر لگا لگا کر تھک گئے، سامان کے ساتھ ائیرپورٹ پر آنا اور مایوس لوٹنے پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے،ان کا یہی کہنا ہے کہ خدارا مسئلہ حل کریں۔
اے ایس ایف نے انٹری پاسز کی منسوخی کے باعث ملازمین کو ایئر پورٹ کی حدود میں داخلے سےبھی روک دیا۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ بینک سے اپنی تنخواہ لینے آئے ہیں۔
ایئر پورٹ پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات برقرار ہیں، پولیس، رینجرز اور اے ایس ایف کا عملہ بھی تعینات ہے۔