29 مارچ 2016
وقت اشاعت: 17:31
بزنس ٹرین کانئی سہولتوں کے ساتھ باقاعدہ آغاز
جیو نیوز - لاہورپاکستان ریلوے نے سات کروڑ روپے کی لاگت سے بزنس ٹرین کا نئی سہولتوں کے ساتھ باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کے لیے ٹرین کی گنجائش 486مسافروں سے بڑھا کر 958کردی گئی ہے جس سے اس ٹرین کی متوقع آمدن ساڑھے اُنتالیس لاکھ روپے یومیہ ہوجائے گی۔
ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق یہ ٹرین 3اے سی بزنس، 2اے سی اسٹینڈرڈ اور8اکانومی کوچز پر مشتمل ہوگی جبکہ مسافروں کے اعتماد اور سہولتوں کے پیش نظر گاڑی کو اپ گریڈ کرتے ہوئے اس میں وائی فائی، ایل ای ڈی ، منرل واٹر، پردے، ہر کوچ میں صفائی کیلئے علیحدہ سے مختص عملہ، جدید سہولتوں سے آراستہ واش روم سمیت پبلک ایڈریس سسٹم متعارف کروایا گیا ہے۔
ان سہولتوں کے پیش نظرصرف اس ٹرین کے کرایوں میں جو کمی کی گئی تھی اُس میں ردوبدل کیا گیا ہے جس کے بعد لاہور سے کراچی کا کرایہ اے سی بزنس کلاس کیلئے 4000روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ سابق پرائیویٹ انتظامیہ 5000روپے وصول کرتی تھی۔
گاڑی میں اے سی اسٹینڈرڈ اور اکانومی کلاس کوچز کا اضافہ بھی کردیا گیا ہے۔ لاہور سے کراچی کا کرایہ اے سی اسٹینڈرڈ 2800روپے، اکانومی برتھ 1430روپے اور اکانومی سیٹ کا کرایہ 1330روپے ہوگا۔
بزنس کلاس کا کرایہ قراقرم ایکسپریس کے کرایوں اور بزنس ٹرین کی سابق پرائیویٹ انتظامیہ کی جانب سے متعین کردہ کرایوں سے اب بھی کم ہیں۔
پاکستان ریلوے نے مسافروں کی سہولت کے پیشِ نظر رائیونڈ ریلوے اسٹیشن پر رُکنے والی گاڑیوں کا اسٹاپ پانچ منٹ کردیا ہے۔ اس سے پہلے کچھ گاڑیوں کے لیےا سٹاپ دو منٹ تھا جو رائیونڈ سے مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر ناکافی تھا۔